تحریک تحفظ آئین پاکستان کا مہنگائی کیخلاف جمعہ کو احتجاج کا اعلان
حکومت گورننس، لا اینڈ آرڈر، مہنگائی ،بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی بانی کو فوری ہسپتال منتقل ،ملاقات کی اجازت دی جائے :اچکزئی کی زیرصدارت اجلاس
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر) تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کا اہم ترین سربراہی اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا جس فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں بدترین مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کیخلاف ،عمران کو فوری ہسپتال منتقل کرنے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔اس سلسلے میں جمعہ کو ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ حکومت گورننس، لا اینڈ آرڈر، مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ ملک میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔شرکا نے کہا آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہوگا جس سے عوام پر مزید معاشی بوجھ پڑے گا۔
اجلاس میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے آنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے اہل خانہ اور سیاسی رفقاء کو ملاقات کی اجازت دی جائے ۔ اجلاس میں راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ زین شاہ، مصطفی نواز کھوکھر، بی این پی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین، سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین قریشی، ملک عامر ڈوگر، تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی علی وڑائچ، سینیٹر مشتاق احمد خان، عمار علی جان اور اخونزادہ حسین نے شرکت کی۔اجلاس میں سینئر قانون دان چودھری اعتزاز احسن خصوصی طور پر شریک ہوئے۔