لوئر دیر جنگل میں لگی آگ بے قابو ،سینکڑوں درخت خاکستر
آگ نے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آبادی کو خطرات لاحق ہو گئے ڈی سی پشاور نے جنگل میں پکنک ، گھاس ، زرعی باقیات جلانے پر پابندی لگا دی
پشاور(دنیا نیوز ) لوئر دیر کے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہو گئی جس سے آبادی کو خطرات لاحق ہو گئے جبکہ سینکڑوں درخت جل گئے ،آگ نے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ،ریسکیو ادارے ، محکمہ جنگلات، سول ڈیفنس اور دیگر فلاحی تنظیمیں مشترکہ طور پر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ادھر جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ،ڈپٹی کمشنر پشاور کے احکامات کے مطابق حسن خیل فاریسٹ رینج اور ضلع پشاور میں جھاڑیوں، گھاس اور زرعی باقیات جلانے ، پکنک کے دوران آگ جلانے اور فائر ایکٹویٹیز پر بھی پابندی ہو گی اور خلاف ورزی پر دفعہ 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہوگی۔