پیپلز پارٹی کا جلد پورے پاکستان میں راج ہوگا:گورنر پنجاب
ہم سب نے محنت کر کے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے :سردار سلیم حیدر گورنر ہاؤس میں پی پی کارکنوں سے ملاقات،جی بی الیکشن جیتنے پرمٹھائیاں تقسیم
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بعد اب کشمیر کے الیکشن میں بھی تیر چلے گا، وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی کا پورے پاکستان میں راج ہوگا، پارٹی کارکنان،عہدیداران، ضلعی صدور اور زیادہ محنت کریں،ہم سب نے محنت کر کے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی لاہور کے قائم مقام صدر شاہد عباس ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ شوکت کی زیر قیادت ملاقات کیلئے آنیوالے کارکنوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کارکنوں نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر کیک کاٹا ، مٹھائیاں تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن کے نتیجے میں پیپلز پارٹی ہمیشہ کلین سویپ کرتی ہے ، پیپلز پارٹی کے کارکن متحد اور ایک پیج پر ہیں،اگلے مہینے پیپلز پارٹی مینار پاکستان ، لاہور پر جلسہ کرنے جا رہی ہے جہاں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس پارٹی کارکنوں کے لئے ہر وقت کھلا ہے ،پارٹی کارکنوں کی ایک کال پر ہر وقت میسر ہوں،پیپلز پارٹی کے جیالے ہماری طاقت ہیں،پارٹی کارکنوں کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی برداشت نہیں کروں گا۔