محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی بجٹ میں بڑی تبدیلیاں
مجموعی فنڈز 74 ارب 10کروڑمختص،جاری سکیموں کیلئے 34 ارب 17کروڑ جاری و نئی سکیموں کے فنڈز میں واضح تقسیم ، مرحلہ وار منتقلی کی سفارش کی گئی
لاہور (شیخ زین العابدین)محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی بجٹ میں بڑی تبدیلیاں ،74 ارب 10 کروڑ روپے کے مجموعی ترقیاتی فنڈز کی تجویز،جاری و نئی سکیموں کے فنڈز میں واضح تقسیم اور مرحلہ وار منتقلی کی سفارش کی گئی ہے ۔بڑے منصوبوں کیلئے زیادہ تر فنڈز آئندہ مالی سال سے منسلک کر دئیے گئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی بجٹ میں مجموعی طور پر 74 ارب 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے ۔ یہ فنڈز جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے ۔جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے 34 ارب 17 کروڑ 50 لاکھ 82 ہزار ،نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 39 ارب 92 کروڑ 49 لاکھ 18 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ، حکمت عملی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا بڑا حصہ مرحلہ وار آئندہ مالی سال منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسی پالیسی کے تحت محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے بڑے ترقیاتی فنڈز کو بھی مالی سال 2027-28 کے بجٹ سے منسلک کر دیا گیا ہے جہاں مجموعی ترقیاتی حجم ایک کھرب 98 ارب 23 کروڑ روپے تک پہنچنے کی تجویز ہے ۔روڈ سیکٹر میں بھی مختلف پروگرامز کیلئے علیحدہ فنڈنگ کی سفارش کی گئی ہے ۔ جاری سکیموں کیلئے صرف 10 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ روڈ ریہیبلی ٹیشن پروگرام ٹو کیلئے 88 کروڑ 70 لاکھ روپے ،روڈ ریسٹوریشن پروگرام کیلئے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ،سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام کیلئے 17 ارب روپے ، روڈ ریوائیول پروگرام کیلئے 11 ارب 40 کروڑ 80 لاکھ،کچا ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 72 کروڑ 40 لاکھ روپے ،نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 39 ارب 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مالی وسائل آئندہ بجٹ میں منتقل کرنے کا فیصلہ حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔