سندھ کا بجٹ آج:تنخواہ،پنشن میں 8فیصد اضافہ کا امکان
کراچی (سٹاف رپورٹر)آئندہ مالی سال 27-2026کا صوبائی بجٹ آج بدھ کی سہ پہر سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گیارہویں مرتبہ صوبے کا بجٹ ایوان میں پیش کریں گے۔
اس سے قبل وہ دس مرتبہ صوبائی بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کرچکے ہیں جوایک ریکارڈ ہے ۔مراد علی شاہ کے پاس گزشتہ ایک دہائی سے سندھ کی وزارت خزانہ کا قلمدان بھی ہے ۔سندھ کا بجٹ ایوان میں پیش کئے جانے سے قبل بدھ کو صبح گیارہ بجے سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔حکومت سندھ نے ملک کے موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں اپنی بجٹ ترجیحات کا پہلے ہی تعین کرلیا ہے ۔ سندھ کا مجموعی ترقیاتی بجٹ رواں سال کے مقابلے میں28فیصد کم ہوگا۔ صوبائی بجٹ میں تنخواہوں میں8سے 10فیصد اضافے کا امکان ہے جبکہ پنشن میں8فیصد اضافہ متوقع ہے ۔اسی طرح مزدور کی کم ازکم اجرت 44ہزار روپے مقرر کرنے کا امکان ہے۔