کچہری دھماکہ:ہائیکورٹ کی معاوضے کا معاملہ حل کرانیکی ہدایت
وفاق، سیکرٹری داخلہ،چیف کمشنر اور ڈی سی اسلام آباد کو جواب کیلئے نوٹس جاری معاملہ جلد حل کرائینگے :ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ، سماعت 23جون تک ملتوی
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کچہری خودکش دھماکہ کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا معاملہ حل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیا۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر تصدق حنیف نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اختیار کیاکہ سیکشن 13 لائیرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت گریڈ18 کا شہدا پیکیج ملنا چاہیے ، ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا لیکن متاثرین کو معاوضہ نہیں مل سکا۔ عدالت کے طلب کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات پیش ہوئے اور کہاکہ معاملہ چیک کریں گے اور جلد از جلد حل کرائیں گے ، عدالت مہلت دے ۔ عدالت نے وفاق، سیکرٹری داخلہ،چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر کے سماعت23 جون تک ملتوی کردی۔