بین المسالک ہم آہنگی کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر:گورنر پنجاب
واقعہ کربلا ظلم اور تکبر کے خلاف نعرہ حق، رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے مشعل راہ جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے :سلیم حیدر، دورہ چکوال میں گفتگو
لاہور (این این آئی)گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے اور امن و امان کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، محرم الحرام صبر، برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے ، واقعہ کربلا ظلم اور تکبر کے خلاف نعرہ حق ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے مشعل راہ رہے گا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ماتمی جلوسوں کے راستوں اور مجالس کی سکیورٹی یقینی بنائیں۔ یہ بات انہوں نے چکوال میں ماتمی جلوس کے راستوں کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گورنر نے جلوسوں اور مجالس کیلئے فراہم کی گئی میونسپل سروسز اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے جلوس میں شرکت اور عزاداروں سے ملاقات کی۔ سردارسلیم حیدر خان نے کہا محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہترین سہولیات اور پرامن ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے ۔ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کیلئے سکیورٹی اور مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے ۔ ضلع انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے دوران امن کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔