کالعدم کمیٹی تشدد پر اتر آئی، راولاکوٹ میں رینجرز اہلکار شہید
کامیاب انتخابات پر مارچ شروع کرنیکی کوشش ، روکنے پرفائرنگ شروع کردی 3پولیس اہلکارزخمی ،شرپسندوں نے سکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیاں نذرِ آتش کردیں ریاستی عملداری برقرار رکھی جائیگی، ملوث عناصر بچ نہیں سکتے :سکیورٹی فورسز پُرعزم
مظفرآباد(دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تشدد کا راستہ اختیار کر لیا۔ راولاکوٹ پولیس کے مطابق رات دس بجے کالعدم تنظیم نے مارچ شروع کرنے کی کوشش کی ، روکے جانے پر فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا جبکہ راولاکوٹ کے مضافات میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے سکیورٹی پوسٹ پر حملہ کر دیا ، جس میں رینجرز کے سپاہی علی رضا نے جامِ شہادت نوش کیا۔کالعدم JAAC کے پُرتشدد مظاہرین کے حملوں میں مجموعی طور پرپولیس کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے ۔فسادی عناصر نے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شدید اشتعال انگیزی کے باوجود انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔سکیورٹی ماہرین کاکہنا ہے کامیاب انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے JAAC نے تشدد، آتش زنی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کا سہارا لیا۔ سرکاری اہلکاروں، سرکاری املاک اور سکیورٹی فورسز پر حملے JAAC کے پرتشدد عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ریاست کی عملداری ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی، تشدد، آتش زنی اور حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جمہوری عمل کے دفاع کے لیے سکیورٹی فورسز پُرعزم ہیں۔عوام سے اپیل ہے افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے گریز کریں اور صرف مصدقہ معلومات پر اعتماد کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments