سینیٹ کمیٹی : مانع حمل اشیا کی خریداری، استعمال پر بریفنگ طلب
بروقت آبادی سروے نہ ہونے سے مؤثر منصوبہ بندی، پالیسی سازی،وسائل کی تقسیم متاثر جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے ہی نئے منصوبے شروع کیے جائیں، چیئرپرسن
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے مانع حمل اشیا کی خریداری، تقسیم اور استعمال پر خصوصی بریفنگ طلب کرلی ، کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر قرۃ العین مری کی زیر صدارت ہوا۔ چیئرپرسن سینیٹر قرۃا لعین مری نے بروقت سروے نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تازہ ترین آبادیاتی اعداد و شمار کی عدم دستیابی شواہد پر مبنی منصوبہ بندی، موثر پالیسی سازی اور وسائل کی بہتر تقسیم میں رکاوٹ بنتی ہے ۔
بروقت آبادی سروے نہ ہونے سے مؤثر منصوبہ بندی، پالیسی سازی،وسائل کی تقسیم متاثر ہوئی ، چیئرپرسن کمیٹی نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے ہی نئے منصوبے شروع کیے جائیں۔ وزارتِ قومی صحت نے بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کی منظوری مئی 2021 میں ایک ارب 99 کروڑ 66 لاکھ 83 ہزار روپے کی لاگت سے دی گئی تھی۔ منصوبے میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری شامل ہیں۔ چیئرپرسن نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زیرِ تکمیل منصوبے جلد مکمل کیے جائیں اور نئے منصوبوں کے آغاز سے قبل جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر اور دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments