فضل الرحمن فوج،قوم سے معافی مانگیں ن لیگ کی اسمبلی میں قرارداد جمع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قاعدہ 157 کے تحت جمع کرائی۔ذرائع کے مطابق قرارداد پر اسمبلی سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح پر قانونی مشاورت جاری ہے ۔ قرارداد میں مولانا فضل الرحمان کے شہدا اور ریاستی اداروں سے متعلق بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کے مفاد کے منافی قرار دیا گیا ہے ۔ متن میں کہا گیا کہ پاک فوج آئین، قانون، وطنِ عزیز کی خودمختاری، سلامتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات قومی مفاد کو نقصان پہنچانے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کا باعث بنتے ہیں، اس لیے ایسے طرزِ عمل سے گریز کیا جانا چاہیے ۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان قوم اور پاک فوج سے معافی مانگیں اور آئندہ ایسے بیانات سے اجتناب کریں جو قومی یکجہتی، ریاستی استحکام اور اداروں کے وقار کو نقصان پہنچانے کا سبب بنیں۔اس حوالے سے جب قرارداد کی محرک آسیہ ناز تنولی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر بعد میں بات کریں گی۔ پارٹی قیادت کو اعتماد میں لینے سے متعلق سوال پر بھی انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا اور مصروفیت کا عذر پیش کرتے ہوئے گفتگو ختم کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments