ہیپاٹائٹس سے نمٹنے کیلئے جامع حکمتِ عملی ناگزیر : صدر، وزیراعظم

 ہیپاٹائٹس سے نمٹنے کیلئے جامع حکمتِ عملی ناگزیر : صدر، وزیراعظم

پاکستان سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل، سدباب کرنا ہوگا :زرداری،شہبازشریف بروقت تشخیص ،موثرعلاج ضروری:چیئرمین سینیٹ،سپیکرقومی اسمبلی کاعالمی دن پرپیغام

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹرسے ،نامہ نگار،این این آئی)صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم وائرل ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کرنے اور ہر پاکستانی کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، یہ دن یاد دلاتا ہے کہ اگرچہ ہیپاٹائٹس ہمارے ملک کو درپیش سنگین عوامی صحت کے مسائل میں سے ایک ہے ، تاہم بروقت تشخیص، بروقت علاج، اجتماعی عزم اور مسلسل عملی اقدامات کے ذریعے اس بیماری کی روک تھام اور علاج ممکن ہے ،پاکستان دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ،اس وبا کو روکنے کے لیے ہمیں ان بنیادی عوامل کا سدباب کرنا ہوگا ،اس قومی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر دنیا کے ساتھ مل کر اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہیپاٹائٹس سی کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔ دریں اثناچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ہی صحت مند اور ہیپاٹائٹس سے پاک معاشرے کی ضمانت ہیں۔علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر سنگین مرض ہے جو بروقت تشخیص نہ ہونے ، احتیاط نہ برتنے اور مناسب علاج نہ ہونے کی صورت میں انسانی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...