دہشتگردی،انتہاپسندی کیخلا ف پنجاب پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش:مریم نواز
پولیس شہداء کی وجہ سے لاہور دنیا کے محفوظ شہروں میں شامل ،کئی ترقیاتی یافتہ شہر پیچھے رہ گئے پولیس کو بہترین اسلحہ، مواصلاتی آلات دینگے ،پیغام،خوشاب کے ایم پی ایز کی ملاقات
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ شہدائے پولیس پر ملک وقوم کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کو خراج عقیدت اور پولیس شہدا کے اہل خانہ کے صبر وحوصلے کو سلام پیش کیا، یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جدو جہد میں پنجاب پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پنجاب پولیس کے ہرافسر اور جوان نے قیام امن کے لئے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیام امن کے لئے پولیس کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرنے کیلئے ہراول دستے کا کردار اداکرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے ،پنجاب حکومت پولیس شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کررہی ہے ،ان کے بچوں کی صحت معیاری تعلیم، رہائش سمیت دیگر تمام سہولتیں حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے ،سیف سٹی پراجیکٹ اورپولیس شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے لاہور دنیا کے محفوظ شہروں میں شامل ہوچکا ہے۔
پنجاب پولیس کی کاوشوں سے نمبیو (Numbeo) کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس میں لاہور نے کئی ترقیاتی یافتہ شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا، پنجاب پولیس کو بہترین اسلحہ، جدید ترین حفاظتی اورمواصلاتی آلات، بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر ضروریات مہیا کی جارہی ہیں، پولیس شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں اورآج کچہ کے علاقہ نہ صرف محفوظ ہے بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،دریں اثنا وزیراعلیٰ سے خوشاب کے ارکان صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی امور، ترقیاتی پراجیکٹس اور حلقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا،ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو خوشاب کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوآزاد جموں و کشمیر میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے پرمبارکباددی اور خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر شکریہ ادا کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے ،قائد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو آگے لیکر جائیں گے ،آج تمام صوبوں سے ایک ہی آواز آتی ہے کہ پنجاب امن وامان سمیت ہر شعبے میں سب سے بہتر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments