ہیپاٹائٹس سی کامفت علاج،ملک گیر سکریننگ مہم شروع
اسلام آباد میں 17مراکز قائم، نجی ہسپتالوں میں بھی ٹیسٹ سہولت میسر ہوگی ڈیجیٹل ریکارڈ نادرا سے منسلک، عوام کا تعاون ناگزیر :وزیر صحت کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے سکریننگ اور علاج قومی مہم کا آغاز کر دیا ، وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی خاتمہ پروگرام کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے ہر فرد کی سکریننگ یقینی بنائی جائے گی ،مرض کی تشخیص ہونے کی صورت میں مریض کو تین ماہ کی دوا مفت فراہم کی جائے گی، جس کی مالیت تقریباً 34 ہزار ہے ، ضرورت پڑنے پر علاج کا دوسرا کورس بھی فراہم کیا جائے گا، یوں ایک مریض کو تقریباً 68 ہزار تک کی ادویات حکومت مفت فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے ہیپاٹائٹس سی سکریننگ کی افتتا حی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں، تاہم ملک بھر کی سکریننگ مکمل ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی اصل تعداد سامنے آئے گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر سکریننگ ناگزیر ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی ایک خاموش اور خطرناک بیماری ہے ، جس کا اکثر دیر سے پتہ چلتا ہے۔
بروقت تشخیص نہ ہونے کی صورت میں یہ جگر کو شدید نقصان پہنچانے کے بعد جگر کے کینسر کا سبب بن سکتی ہے اسلام آباد میں سرکاری سطح پر 17 سکریننگ مراکز قائم کئے گئے ہیں، حکومت نجی ہسپتالوں کو سکریننگ کٹس اور ضروری آلات فراہم کرے گی تاکہ شہریوں کو مفت سکریننگ کی سہولت فراہم کی جا سکے ۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی جلد سکریننگ شروع کی جا رہی ،مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور دیگر اہم داخلی و خارجی مقامات پر بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے افراد کی سکریننگ کی جا رہی ہے ،سکریننگ کا پورا نظام جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے منسلک کر دیا گیا ہے ،سکریننگ کا ریکارڈ نادرا کے ڈیٹا سے منسلک ہوگا، جس سے ہر شہری کی سکریننگ کی معلومات مستقبل میں بھی دستیاب رہیں گی شناختی کارڈ کے ساتھ اس کا ریکارڈ منسلک کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارت قومی صحت کے تمام ملازمین، وزیر سے لے کر آفس بوائے تک، کی ہیپاٹائٹس سی سکریننگ لازمی قرار دے دی گئی ، اس سلسلے میں تمام وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کئے جا رہے ہیں تاکہ وزرا سمیت تمام سرکاری ملازمین کی سکریننگ یقینی بنائی جا سکے ، انہوں نے کہا کہ جو ملازم سکریننگ نہیں کروائے گا، اس کی تنخواہ روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اسلام آباد کے شہری شناختی کارڈ کے ساتھ قریبی سکریننگ مرکز جائیں اور چند منٹ میں ٹیسٹ کروائیں ،وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے خود بھی ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ منفی آیا، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments