اداروں کے بورڈز تقرر، کارکردگی جائزہ کیلئے نئے قواعد جاری
اسلام آباد (نیوزرپورٹر)وفاقی حکومت نے حکومتی ملکیتی اداروں (SOEs) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری اورکارکردگی کے جائزے کے لیے نئے قواعد جاری کر دئیے ۔
خالی اسامی پر کم از کم تین امیدواروں کی سمری اہلیت کے مطابق بھجوائی جائے گی ۔بورڈز کی مجموعی کارکردگی، مالی و انتظامی اہداف کے حصول کا سالانہ جائزہ لیا جائیگا، وزارت خزانہ کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو بھجوائے گئے مراسلے کے مطابق یہ قواعد اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز (گورننس اینڈ آپریشنز) ایکٹ 2023 اور ایس او ای اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی 2023 کے تحت مرتب کیے گئے ہیں جن کا مقصد بورڈ ارکان کی شفاف تقرری، اہلیت اور کارکردگی کا مؤثر جائزہ یقینی بنانا ہے ۔قواعد کے مطابق کسی ادارے کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر کی نشست خالی ہونے یا اچانک خالی ہوجانے کی صورت میں بورڈ کو فوری طور پر بورڈ نامی نیشن کمیٹی کو سفارش بھجوانا ہوگی۔ سفارش میں بورڈ کی ضروریات اور نئے رکن کے لیے مطلوبہ قابلیت و اہلیت کی تفصیل شامل کرنا لازم ہوگا۔بورڈ کی مدت مکمل ہونے سے کم از کم تین ماہ قبل اس کی مجموعی کارکردگی، مالی و انتظامی اہداف کے حصول اور ناکامیوں سے متعلق رپورٹ جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔قواعد میں بورڈ نامی نیشن کمیٹی کے فرائض بھی واضح کیے گئے ہیں۔ کمیٹی وفاقی حکومت کو آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کے لیے امیدواروں کی نامزدگی اور سفارش کرے گی جبکہ ہر خالی اسامی کے لیے کم از کم تین اہل امیدواروں کی سمری بھجوائی جائے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد متعلقہ وزارت تقرری کے احکامات جاری کرے گی ۔ نئے تقرر شدہ ڈائریکٹر کو تین ماہ کے اندر ڈائریکٹرز ٹریننگ پروگرام مکمل کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments