جڑواں شہروں میں شدید بارش، نالہ لئی میں طغیانی، ایمرجنسی نافذ

جڑواں شہروں میں شدید بارش، نالہ لئی میں طغیانی، ایمرجنسی نافذ

ہیڈگنڈا سنگھ سے 95ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے سے زمینی کٹاؤ خیبر پختونخوا میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ،کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال

راولپنڈی،اسلام آباد،تلونڈی(آن لائن، نامہ نگار،این این آئی)ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں کی انٹری کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 16 فٹ تک پہنچ گئی۔جی سکس میں انڈر پاسز بارشی پانی سے بھر گئے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ خیبر پختونخوا کے مختلف  اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ دوسری جانب دیر بالا اور دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے ۔ پاتراک کوہستان سے وادی کمراٹ تک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور متعدد مقامات پر سڑکیں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہو گئی ہیں۔ بھارتی آبی جارحیت جاری، فیروزپور ہیڈگنڈا سنگھ سے 95 ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے پر خطرناک زمینی کٹاؤ، قریبی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔زمینی کٹاؤ کی زد میں آنے والے علاقوں میں کنگن پور سے کوٹھی فتح محمد، قلعی شاہو، چھبر بند بھیڈیاں، عثمان، کمالپورہ اور دیگر دیہات شامل ہیں۔ مقامی آبادی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پانی کا بہاؤ برقرار رہنے کی صورت میں مزید زرعی رقبہ اور آبادی متاثر ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ،تاہم لاہور سمیت متعدد علاقوں میں شام یا رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...