نجی کمپنیوں کو ٹرینیں چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ
ریلوے بورڈ کی ازسرنو تشکیل،7آزاد ارکان کا تقررہوگا، ایک خاتون ہو گی وزیراعظم کو سینئر جی ایم کی تقرری اور برطرفی کا اختیار ہوگا،بل کا متن
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے پاکستان ریلوے کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور قانون میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ریلوے کے انتظامی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیوں اور نجی شعبے کی شمولیت کے لیے ریلوے بورڈ بل 2026 پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کردیا ۔مجوزہ قانون کے تحت نجی کمپنیوں کو اپنے انجنوں اور بوگیوں کے ذریعے ریلوے ٹریک پر مسافر اور مال بردار ٹرینیں چلانے کی اجازت دی جائے گی۔بل کے تحت 1962 کے ریلوے آرڈر میں ترمیم کرکے پاکستان ریلوے کو سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق قانون 2023 کے مطابق چلایا جائے گا۔ ریلوے بورڈ کی ازسرنو تشکیل کرتے ہوئے سات آزاد ارکان مقرر کیے جائیں گے جن میں کم از کم ایک خاتون کی شمولیت لازمی ہوگی۔ آزاد ارکان کی مدت تین سال ہوگی اور وہ زیادہ سے زیادہ دو مرتبہ عہدے پر رہ سکیں گے ۔مجوزہ قانون کے مطابق ریلوے بورڈ کے چیئرمین سیکریٹری ریلوے ڈویژن ہوں گے ، جبکہ پاکستان ریلوے کے سینئر جنرل منیجر اور چاروں صوبوں کے چیف سیکر ٹریز بھی بورڈ کے ارکان ہوں گے۔
بورڈ کو مالی اور انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی اور وہ ادارے کی پالیسی، بجٹ، کاروباری منصوبوں اور کارکردگی کی نگرانی کرے گا۔بل کے تحت پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سینئر جنرل منیجر کے نام سے متعارف کرایا جائے گا۔ وزیراعظم بورڈ کی تین چوتھائی اکثریت سے منظور کردہ سفارش پر اس کی تقرری اور برطرفی کرسکیں گے ۔ اس عہدے کے لیے متعلقہ ریلوے افسران کے علاوہ نجی شعبے کے تجربہ کار امیدوار بھی زیر غور آسکیں گے ۔مجوزہ قانون کے تحت نجی کمپنیوں، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور دیگر سرکاری اداروں کو معاہدوں کے ذریعے ریلوے ٹریک استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ ان کمپنیوں سے ٹریک کے استعمال کی فیس اور دیگر چارجز وصول کیے جائیں گے جبکہ ریلوے بورڈ ٹرینوں کے شیڈول، ٹریک تک رسائی اور انجنوں و بوگیوں کے معیار کی نگرانی کرے گا۔
پاکستان ریلوے میں سینئر مینجمنٹ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی جو ٹرینوں کی بروقت آمدورفت، مسافروں کی سہولت، حفاظتی انتظامات، ترقیاتی منصوبوں اور مالی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کی نگرانی کرے گی۔مالی شفافیت کے لیے پاکستان ریلوے کو بین الاقوامی مالیاتی رپورٹنگ معیارات اپنانے اور دو سال کے اندر ان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ مالیاتی گوشواروں کا چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس سے آڈٹ بھی لازمی ہوگا تاہم آڈیٹر جنرل پاکستان کا آئینی آڈٹ کا اختیار برقرار رہے گا۔بل کے مطابق ریلوے بورڈ کی ازسرنو تشکیل چھ ماہ میں مکمل کی جائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی جانب سے پیش کردہ بل کے اغراض و مقاصد میں کہا گیا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد پاکستان ریلوے کو محفوظ، مؤثر، قابل اعتماد، مسابقتی اور ماحول دوست ادارہ بنانا اور اس کی مالی و انتظامی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments