تھرکے آبادگاروں کیلئے خصوصی پیکیج کی ہدایت کردی، وزیر زراعت

تھرکے آبادگاروں کیلئے خصوصی پیکیج کی ہدایت کردی، وزیر زراعت

خشک سالی کے باعث ساتوں تحصیلوں میں 90فیصد کاشت شدہ فصلوں کونقصان پہنچا نقصانات کا سروے اور متاثرہ آبادگاروں کی درست نشاندہی کی جائے گی،محمد بخش مہر

کراچی (این این آئی) وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے تھرپارکر میں خشک سالی کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے بھاری نقصان کے پیش نظر متاثرہ آبادگاروں کے لیے خصوصی زرعی ریلیف پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ اس سلسلے میں انہوں نے سیکریٹری زراعت کو فوری تجاویز مرتب کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیر زراعت نے کہا تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں خشک سالی اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق محکمہ زراعت کی تفصیلی رپورٹ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی، جس کی بنیاد پر تھرپارکر کو قحط زدہ ضلع قرار دیا گیا۔ محکمہ زراعت کی رپورٹ کے مطابق ضلع کے ساتوں تعلقوں میں تقریباً 85 سے 90 فیصد کاشت شدہ فصلیں تباہ یا ناقابل پیداوار ہوچکی ہیں، جبکہ مجموعی نقصان کا تخمینہ تقریباً 90 فیصد لگایا گیا ہے۔

اس وقت صرف 10 سے 15 فیصد فصلیں باقی بچ پائی ہیں۔سردار محمد بخش نے کہا رواں سال مون سون کے دوران غیر مساوی اور ناکافی بارشوں، خصوصاً ستمبر میں بارشوں کی شدید کمی کے باعث گنوار، باجرہ، تل اور جوار سمیت دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ قدرتی گھاس بھی پکنے سے پہلے سوکھ گئی، جس سے آبادگاروں اور مال مویشی پالنے والے خاندانوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا مجوزہ ریلیف پیکیج میں فی ایکڑ مالی امداد، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے معاونت، کھاد اور معیاری بیج کی خریداری پر خصوصی سبسڈی اور آئندہ ربیع سیزن کی کاشت کے لیے مالی سہولت فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہوں گی۔

اس کے علاوہ زرعی قرضوں اور واجبات کی ادائیگی میں سہولت، زرعی ٹیکس میں ممکنہ رعایت اور دیگر مالی بوجھ کم کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر زراعت نے کہا خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے چارے اور پینے کے پانی کی فراہمی بھی ضروری ہے ۔ اس مقصد کے لیے زرعی نقصانات کا سروے اور متاثرہ آبادگاروں کی درست نشاندہی کی جائے گی۔محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں گے اور متاثرہ آبادگاروں کی مشکلات کم کرنے ، زرعی شعبے کی بحالی اور تھرپارکر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر تجاویز مرتب کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...