کراچی:یوسی8 کلری شاہ بیگ، پیپلز پارٹی امیدوارکامیاب
خلیل ہوت نے 5109 ووٹ لئے ،جماعت اسلامی کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے ووٹنگ پرامن،شرح 13.99 فیصد رہی،ریٹرننگ افسر ،سیاسی کارکنوں کی نعرے بازی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری کی یونین کمیٹی 8 کلری شاہ بیگ میں وائس چیئرمین کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار خلیل احمد ہوت 5109 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار سمیر بلوچ 1615 ووٹ لے کر دوسرے اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مولانا جبران ملازئی 651 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری عبوری نتائج کے مطابق ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 7545 ووٹ کاسٹ ہوئے ، جن میں سے 129 مسترد قرار دیے گئے جبکہ ووٹنگ کی شرح 13.99 فیصد رہی۔ انتخاب کے لیے 53 ہزار 900 رجسٹرڈ ووٹرز تھے ، جن میں 29 ہزار 583 مرد اور 24 ہزار 317 خواتین شامل تھیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ اس سلسلے میں 28 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جن میں 7 انتہائی حساس، ایک حساس اور 20 نارمل قرار دیے گئے تھے ۔ دن بھر بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد کم رہی تاہم دوپہر کے بعد خواتین سمیت ووٹرز کی آمد میں اضافہ ہوا۔ پولنگ اسٹیشنز کے قریب سیاسی جماعتوں کے انتخابی کیمپوں پر کارکنوں کا رش رہا جبکہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکن پولنگ اسٹیشنز کے باہر جمع ہوگئے اور نعرے بازی کی۔ پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور پولنگ و گنتی کا عمل پرامن طور پر مکمل ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments