گورنر سندھ نہال ہاشمی کا شاہی قلعہ لاہور کا دورہ
تاریخی ورثے کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کے اقدامات میں دلچسپی کا اظہار سیاحتی پروگرام ہسٹری بائی نائٹ میں شرکت، ثقافتی اہمیت سے آگاہی حاصل کی
لاہور (خبرایجنسیاں) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے شاہی قلعہ لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے شاہی قلعہ میں جاری بحالی و تحفظ کے کاموں، عوام کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے اقدامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سیکرٹری راشد نصر اللہ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی نجم الثاقب بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ گورنر سندھ نے پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی کے مقبول سیاحتی پروگرام ہسٹری بائی نائٹ میں بھی شرکت کی اور شاہی قلعہ لاہور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے تاریخی سیاحت کے فروغ اور عوام کو لاہور کی شاندار تاریخ سے منفرد اور دلچسپ انداز میں روشناس کرانے کے لیے اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نجم الثاقب نے کہا کہ اتھارٹی تاریخی مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں عوام کے لیے مزید قابل رسائی اور دلچسپ بنانے کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا ہسٹری بائی نائٹ جیسے پروگراموں کا مقصد تاریخی ورثے کو محض محفوظ کرنا ہی نہیں بلکہ عوام کو اس کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب سے جوڑنا بھی ہے ، ایسے اقدامات کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے اور نئی نسل میں اپنے تاریخی ورثے سے آگاہی و دلچسپی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments