بی آئی ایس پی خیرات نہیں مستحق خاندانوں کا حق، روبینہ خالد
بینظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرینگے ڈیجیٹل والٹ نظام سے ادائیگیوں میں شفافیت کو فروغ ملے گا، چیئرپرسن بی آئی ایس پی
بدین (دنیانیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے دورہ بدین کے دوران سول سوسائٹی کی خواتین نمائندگان اور مقامی بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور تجاویز سنیں اور بی آئی ایس پی کے مختلف اقدامات پر آگاہی دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 6 کروڑ سے زائد افراد بی آئی ایس پی سے مستفید ہو رہے ہیں،یہ مالی معاونت خیرات نہیں بلکہ مستحق افراد کا حق ہے ۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق بی آئی ایس پی شفاف انداز میں کام کر رہا ہے اور اس کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے ۔ پروگرام پر بے جا تنقید کرنے والے بعض اداروں اور جماعتوں کے چندہ جمع کرنے کے نظام میں آڈٹ اور جوابدہی کا نظام موجود نہیں۔انہوں نے کہا بی آئی ایس پی کی بدولت خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں بڑی تعداد میں خواتین پروگرام میں رجسٹرڈ ہوئی اور ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لئے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مستفید خاندانوں، بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرکے معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے ایک کروڑ 20 لاکھ بچے جبکہ بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت 22 لاکھ خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔ سول سوسائٹی کی خواتین نمائندگان سے ملاقات میں انہوں نے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے حل کی ہدایت کی۔ ڈیجیٹل والٹ نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 1LINK کے ذریعے انٹرآپریبلٹی کی سہولت کے تحت خواتین کسی ایک بینک یا علاقے تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ ملک بھر میں شریک بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے رقم وصول کر سکیں گی۔ اس سے ادائیگیوں میں شفافیت، سہولت اور مالی شمولیت کو فروغ ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments