این ڈی یو کورس کیلئے گریڈ 20 افسروں کی نامزدگیاں طلب
اگست 2027 سے شروع کورس کیلئے امیدواروں کے پینل 20 نومبر تک بھیجنے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے 28ویں نیشنل سکیورٹی کورس (این ایس سی 28) کے لیے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں سے گریڈ 20کے افسران کی نامزدگیاں طلب کرلی ہیں۔ کورس اگست 2027 میں شروع ہوگا جبکہ امیدواروں کے پینل مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ 20 نومبر 2026 تک ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔امیدوار کے لیے بی ایس 20 یا مساوی گریڈ میں باقاعدہ فرائض کی انجام دہی اور ترقی کے زون میں شامل ہونا لازمی ہے ۔ 15 اگست 2027 تک عمر 55سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے ۔ انتخاب متعلقہ سروس گروپ کی سینارٹی کے مطابق ہوگا جبکہ مساوی سینارٹی پر اعلیٰ تعلیمی قابلیت کو ترجیح دی جائے گی۔خواتین افسران کی نمائندگی یقینی بنانے کے لیے 6 سے 8 نامزدگیاں بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کم از کم چار خواتین کا انتخاب ممکن ہو۔پاکستان ایڈمنسٹریٹو، پولیس اور سیکرٹریٹ سروس کے افسران کی نامزدگیاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حتمی شکل دے گا۔ دیگر گروپس کی نامزدگیاں متعلقہ وزارتیں ارسال کریں گی۔ براہ راست موصول ہونے والی درخواستیں قابل قبول نہیں ہوں گی۔نامزدگی کے ساتھ تازہ طبی رپورٹ، تصدیق شدہ سینارٹی لسٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات دینا ہوں گی۔ فی افسر کورس فیس 21 لاکھ 69 ہزار 462 روپے مقرر کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments