این ایچ اے کی4لاکھ کنال سے زائداراضی سکوک بانڈ،نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کیلئے مختص
اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کی موٹرویز، قومی شاہراہوں اور سی پیک روٹس کی اراضی شامل وزارتِ خزانہ اراضی کو اسلامی سرٹیفکیٹس اجرا کیلئے استعمال کریکی، مدت تکمیل پر اثاثے این ایچ اے کو واپس ہوں گے
اسلام آباد (ایس ایم زمان)نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک کی مختلف موٹرویز، شاہراہوں اور سی پیک کے متعدد روٹس کی مجموعی طور پر 4 لاکھ 8 ہزار 585کنال 15مرلے اراضی کو حکومتی سکوک، اسلامی اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت ان منصوبوں کے لیے وزارتِ خزانہ کو عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی)جاری کیا جائے گا۔ ان منصوبوں کی اراضی کو سکوک، اسلامی اور نیا پاکستان ادائیگی سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔این ایچ اے کے مطابق منظوری میں اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں واقع مختلف موٹرویز، قومی شاہراہوں اور سی پیک کے روٹس شامل ہیں۔ ان منصوبوں میں موٹرویز کے علاوہ ہزارہ موٹروے ، مکران کوسٹل ہائی وے ، انڈس ہائی وے ، گرینڈ ٹرنک روڈ اور دیگر شاہراہیں بھی شامل ہیں۔منظور شدہ منصوبوں میں اسلام آباد تا پشاور موٹروے ایم ون کے پنجاب حصے کی 17 ہزار 113 کنال 12 مرلے اور خیبر پختونخوا کے حصے کی 21 ہزار 44 کنال 15 مرلے اراضی شامل ہے ۔ لاہور تا اسلام آباد موٹروے ایم ٹو کے تحت شیخوپورہ، حافظ آباد، سرگودھا، چکوال اور راولپنڈی کے اضلاع میں 2 ہزار 823 کنال 19 مرلے اراضی سکوک کے اجرا کے لیے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔سی پیک کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن کے لیے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام کے اضلاع میں 12 ہزار 192 کنال اراضی شامل کی گئی ہے ۔
لاہور تا سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کے تحت شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے اضلاع میں 18 ہزار 213 کنال 16 مرلے اراضی کی منظوری دی گئی ہے ۔ اس میں مریدکے ، فیروزوالہ، کامونکی، گوجرانوالہ صدر، ڈسکہ اور سمبڑیال کے علاقے شامل ہیں۔گرینڈ ٹرنک روڈ (این فائیو) کے پشاور اور نوشہرہ کے علاقوں میں 6 ہزار 127 کنال 15 مرلے اراضی بھی سکوک پروگرام میں شامل کی گئی ہے ۔ انڈس ہائی وے منصوبے (این ففٹی فائیو)کے تحت پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں دو مختلف حصوں کے لیے مجموعی طور پر 23 ہزار 965 کنال 15 مرلے اراضی شامل کی گئی ہے ۔ ان میں ایک حصے کے لیے 11 ہزار 361 کنال 11 مرلے اور دوسرے حصے کے لیے 12 ہزار 604 کنال 4 مرلے اراضی مختص کی گئی ہے ۔ متعلقہ علاقوں میں پشاور، کوہاٹ، لاچی، بانڈہ داؤد شاہ، کرک، دومیل، بنوں، نورنگ، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور تختِ نصرتی شامل ہیں۔مکران کوسٹل ہائی وے (این ٹین) کے تحت گوادر، اورماڑہ اور جیوانی کے علاقوں میں 19 ہزار 838 کنال 8 مرلے اراضی شامل کی گئی ہے جبکہ حسن ابدال تا مانسہرہ ای تھرٹی فائیو کے پنجاب والے حصے کے لیے ایک ہزار 841 کنال 8 مرلے اور خیبر پختونخوا کے حصے کے لیے 7 ہزار 885 کنال اراضی کی منظوری دی گئی ہے ۔این ایچ اے کے فیصلے کے مطابق ان منصوبوں کے عوض سکوک، اسلامی اور نیا پاکستان ادائیگی سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے وزارتِ خزانہ کو عدم اعتراض سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے ۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے بانڈز کی مدت پوری ہونے پر اجرا کے لیے استعمال ہونے والے اثاثے این ایچ اے کو واپس کیے جائیں گے ۔ اگر ان اثاثوں کو مستقبل میں دوبارہ استعمال کرنا ہوا تو این ایچ اے سے نیا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments