پنجاب میں جائز کام کیلئے بھی رشوت دینا پڑتی، ترجمان ق لیگ
لاہور(آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ترجمان غلام مصطفی ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے اندر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ایک دھڑا بن رہا ہے ، اچھے کاموں کی تعریف کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کی تمام پالیسیوں کو درست قرار دے دیا جائے ۔
ٹی وی کو انٹرویو میں ترجمان ق لیگ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2023 میں پنجاب حکومت مسلم لیگ (ق) کو دینے کا معاہدہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، اگر معاہدے پر عمل درآمد کیا جاتا تو مریم نواز وزیر اعلیٰ نہ ہوتیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کے لئے ق لیگ نے اپنا ووٹ دیا، اگر پارٹی کی حمایت نہ ہوتی تو وہ وزیراعظم نہ بن پاتے ۔ پنجاب میں کرپشن سے متعلق غلام مصطفی نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے عام شہری کو اپنے جائز کام کیلئے بھی رشوت دینا پڑتی ہے ۔ صوبے کے تھانوں، کچہریوں، پٹواریوں، تحصیل داروں اور مختلف سرکاری محکموں میں برا حال ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ چودھری سالک حسین نے عمومی مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کرپشن کا الزام لگایا تھا لیکن مریم نواز نے اسے ذاتی مسئلہ سمجھ لیا۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے ۔ شہریوں کو تھانے ، کچہری اور سرکاری دفاتر میں مشکلات کا سامنا ہے جہاں بغیر پیسے دیے ان کی شنوائی نہیں ہوتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments