پاکستان سائبر پولیس،میرٹ پرتقرریاں:این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کیلئے اجلاس میں سفارشات پیش،زیرالتوا مقدمات کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:وزیراعظم
این سی سی آئی اے میں اصلاحات کی سفارشات پر غور کیلئے کمیٹی قائم ، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل ، رواں ہفتے اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کریگی نجکاری تیز کرنیکا حکم، معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے نجکاری اہم: شہباز شریف، آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے کمیٹی تشکیل ، بنگلہ دیشی سپیکر کے اعزاز میں عشائیہ،مصدق ملک کی ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ،این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ،وزیر اعظم نے ادارے میں میرٹ پر تقرریاں کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ، اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،این سی سی آئی اے کو ایک مو ثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیمِ نو کا عمل تیز کیا جائے ،وزیراعظم نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔
اس ادارے کی تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جائے ، وزیراعظم نے کہا کہ سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،انہوں نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات پر غور کرنے کے لئے وفاقی وزرا محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کئے ، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے جس کے لئے بہترین افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر رکھی جائے گی،سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے ، موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کے لیے حتی المقدور اقدامات لیے جا رہے ہیں، اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا،وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، محسن نقوی، طلال چودھری، بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔
دریں اثنا سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری سے قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے مواقع ملیں گے ،قانونی رکاوٹوں کو نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے اور ان کے حل کے لیے مو ثر اقدامات کیے جائیں، خسارے میں چلنے والے مزید سرکاری اداروں کی بھی نشاندہی کی جائے جنہیں نجکاری کے عمل میں شامل کیا جا سکے ،اجلاس میں نجکاری کمیشن کے زیرِ عمل سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی اور مختلف اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، وزیراعظم نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ،علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی ،دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بہترین نمائندگی پر وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر مصدق ملک کو خراج تحسین پیش کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ اور زمینی حقائق کو بہترین انداز میں پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے ان کے انداز بیان اور اردو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے مثبت تاثر اور تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ایک نیا معیار متعارف کروایا جو قابل تعریف ہے ، وزیراعظم سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے بھی ملاقات کی،وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ،علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں عشا ئیہ دیا، سپیکر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی پس منظر اور ثقافتی ہم آہنگی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کے پارلیمانی وفد کے پاکستان میں روابط اور ملاقاتیں پارلیمانی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات کی عکاس ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments