پاک چین دوستی خلا تک پہنچ گئی:ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں خلائی سٹیشن سے ذیشان علی کا پیغام
پاکستانی خلاباز کیلئے 100 سے زائد حلال پکوان ،بٹرچکن ، بیف نہاری ،مٹن قورمہ ، چنے شامل ساڑھے تین گھنٹے میں سفر مکمل ، آٹھ بج کر 56 منٹ پر تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک
بیجنگ (نیوز ایجنسیاں )جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر سے روانہ ہونے والا ‘شین ژو 24’ مشن چین کے خلائی سٹیشن سے منسلک ہو گیا ۔شین ژو 24 نے زمین سے روانگی کے بعد تقریباً ساڑھے تین گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کیا اور یہ تقریباً آٹھ بج کر 56 منٹ پر تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوا۔ خلائی مشن کے تحت تین خلا بازوں کو تیانگونگ خلائی سٹیشن بھیجا گیا ہے جن میں تانگ ہونگ بو بطور کمانڈر، وو یی بطور فلائٹ انجینئر اور پاکستانی پائلٹ محمد ذیشان علی بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں۔عملہ چینی سپیس سٹیشن میں داخل ہوا تو شین ژو 23 مشن کے عملے نے انہیں خوش آمدید کہا اور خاص طور پر ذیشان علی کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ چینی مشن پر آنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے ۔ اس دوران وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے ۔ ذیشان علی بطور پے لوڈ سپیشلسٹ پاکستانی تحقیقاتی منصوبوں پر کام کریں گے ، جن میں مائیکرو ایلجی کی افزائش اور کوئنوا کے بیجوں پر خلائی ماحول کے اثرات کا مطالعہ شامل ہے ۔ذیشان علی کی اس مشن سے واپسی کا منصوبہ تقریباً ایک ہفتے بعد ہے ، اور چینی میڈیا کی بعض رپورٹس کے مطابق وہ واپسی کے لیے خلائی سٹیشن پر پہلے سے موجود ‘شین ژو 23’ کے عملے کے ساتھ واپس آئیں گے ۔
جب شین ژو 24 کا عملہ چینی سپیس سٹیشن میں داخل ہوا تو شین ژو 23 مشن کے عملے نے انہیں خوش آمدید کہا اور خاص طور پر ذیشان علی کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ چینی مشن پر آنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔خلا میں بدھ کے روز اس چھوٹی سی تقریب میں شین ژو 24 مشن میں جانے والے تینوں خلابازوں نے باری باری بات کی۔ذیشان علی نے کہا کہ انہیں خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بننے اور چینی سپیس سٹیشن میں داخل ہونے پر بے حد خوشی ہے ۔انہوں نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال کا اردو شعر بھی پڑھا کہ 'ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔' پھر انہوں نے اس کا چینی ترجمہ اپنے ساتھیوں کو سنایا جس پر انہیں داد ملی۔ایک خاتون خلاباز نے کہا کہ انہوں نے شین ژو 24 ٹیم کے ارکان کے لیے 'سپیس کیک' بنائے ہیں۔ سب نے ان کیکس کو باری باری سونگھا اور ان کی تعریف بھی کی۔ ذیشان علی نے کہا کہ یہ بہت اچھے لگ رہے ہیں۔اس کے بعد ان چھ خلا بازوں نے ایک ساتھ تصویر کھینچی۔ چینی میڈیا نے کوریج کے دوران بتایا کہ ذیشان علی نے بہت جلدی چینی زبان پر عبور حاصل کر لیا ہے اور ان کے لیے روزمرہ کی زندگی مشکل نہیں ہو گی۔کوریج کے دوران بتایا گیا کہ اب خلا باز ایک ساتھ کھانا کھانے لگے ہیں اور ذیشان علی کے لیے خاص کھانا تیار کیا گیا ہے ۔ چینی نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق خلائی اسٹیشن پر چھ خلابازوں کے لیے خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی خلاباز کے لیے 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانے رکھے گئے ہیں۔ ان پکوانوں میں بٹر چکن، بیف نہاری، مٹن قورمہ اور چنے کا سالن خاص طور پر شامل کیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments