ڈھائی سال بعد ہم سڑکوں پر نکلے تو لوگوں نے پھول برسائے :مریم نواز

ڈھائی  سال  بعد  ہم  سڑکوں  پر  نکلے  تو  لوگوں  نے  پھول  برسائے :مریم  نواز

پنجاب کابینہ میں جیل خانہ جات ،چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بھرتیوں سمیت متعدداہم فیصلوں کی منظوری وزیر خوراک کو آٹے کے نرخ میں کمی کا ٹارگٹ دیدیا،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خطاب

لاہور(نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس ہوا،جس میں متعدداہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ، وزیراعلیٰ کو صوبے کے مختلف شہروں میں کامیاب دوروں پر خراج تحسین پیش کیاگیا اور دوروں کے دوران عوام کے پرجوش رد عمل کو بھی سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں پانچ ہزار الیکٹروبسیں چلانے کے عزم کا اعادہ کیا اورصوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ کو آٹے کے نرخ میں کمی کا ٹارگٹ دے دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے پراجیکٹس میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالاتے ہیں۔ گزشتہ دور حکومت کا موازنہ کریں تو عوام گھر سے نکلنے کے قابل بھی نہیں تھے ۔ ڈھائی لاکھ گھر بنانے کے خواب کو اللہ تعالیٰ نے تعبیر دی۔ پرویز ملک مرحوم کے حلقے میں شکست کے خوف سے امیدوار دستبردار کرالیا گیا۔ ہم ڈھائی سال بعد سڑکوں پر نکلے تو لوگوں نے پھول برسائے ۔ راولپنڈی میں لوگ اظہار تشکر کرتے ہوئے ،قرآن پاک کا تحفہ پیش کرتے رہے ۔ خدمت کے مشن کو قبول کرنے اور پذیرائی بخشنے پر عوام کو کریڈٹ دیں گے ۔ کامیابیوں کا کریڈٹ صرف میرا نہیں، ہر منسٹر، ایڈوائزر اور معاون خصوصی کا بھی ہے ۔ سکھ یاتریوں کا پنجاب آمد پر دل کی اتھاہ گہرایوں سے خوش آمدید اور جی آیاں نوں کہتے ہیں۔

ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مجھے نظر آتی ہیں، تو محکمے کیوں نہیں دیکھتے ، خود بخود مرمت کیوں نہیں کی جاتی؟۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات میں منظورشدہ پراجیکٹس پرفوری کام شروع کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ نے 50اے آئی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں پولیس کو دینے ،محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں 3080آسامیوں پر بھرتی ،چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی مختلف آسامیوں پر بھرتی ، اوکاڑہ کے دوپراجیکٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل،ڈیرہ غازی خان کیلئے 62ڈویلپمنٹ پراجیکٹس سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے ، کنیئرڈ کالج برائے خواتین لاہور کی طالبات کے لیے 450 لیپ ٹاپس کی فراہمی ،مری میں پنجاب ہاؤس کی تعمیرِ نو و تزئین و آرائش اور اضافی نئے بلاکس، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ ، پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی رولز 2026 ، قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ اراضی اضافے کے ذریعے توسیع ، ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز 2020 کے قاعدہ 30 میں مجوزہ ترمیم اوردیگرفیصلوں کی بھی منظوری دی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 8ویں کانووکیشن میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ کی آمد پر طالبات نے مہمان خصوصی کا خیر مقدم کیا اور اکیڈیمک پروسیشن کی صورت میں تقریب میں لایا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نیپال کی ڈاکٹر جانو چیتری کو 20 آنرز لینے پر سیش اور گولڈ میڈل ،ڈاکٹر مریم بی بی،ماہ نور سلمان،فضہ خالد، مریم بتول کو اعزاز عطا کئے اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں نیا آڈیٹوریم بنانے ،ڈاکٹرز کیلئے مراعات اور سہولیات مہیاکرنے کیلئے فوری اقدامات کا اعلان کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا اب ملک کو لوٹانے کا وقت آگیا ہے ۔

ملک محض زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ہم سب بزعم خود ملک ہیں۔ 12 کروڑ عوام کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنا میراہیلتھ مشن ہے ۔ پاکستان کی پہلی ویمن میڈیکل یونیورسٹی میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ اور پہلی خاتون وائس چانسلر ایک اعزاز ہے ۔ بچیوں کی تعلیم میں معاشی نہیں بلکہ سماجی رکاوٹیں بھی پیش ہوتی ہیں۔کہا جاتا ہے بیٹی ہے شادی ہوجائے گی تو انہوں نے روٹیاں ہی پکانی ہیں۔ آج بچوں کو حلف لیتے دیکھ کر ہزار دن پہلے مجھے اپنا حلف لینا یاد آگیا۔ جس طرح ڈاکٹرز نے انسانی جان بچانے میں تاخیر نہ کرنے کا حلف لیا، میں نے بھی امیر غریب سب کی جان بچانے کا حلف لیا۔ میرا کام ڈاکٹرز کو جاب کیلئے بہتر ماحول فراہم کرنا ہے جو میں کروں گی۔ آج تک کسی کی سفارش نہیں کی جو اہل ہوگا وہ جاب پائے گا۔ جب چارج سنبھالا تو مافیاز تھے ، ڈاکٹرز ہڑتالیں کررہے تھے ، یہ صورتحال قابل اور پروفیشنل ڈاکٹرز کیلئے بھی قابل قبول نہیں تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب وہ حکومت ہے جو ڈاکٹروں کے مسائل کو سمجھتی ہے ۔ بیٹیوں سے کہتی ہوں کہ اگر کوئی ہراسانی یا بلیک میلنگ کا سامنا ہوں تو رپورٹ ضرور کریں۔ دوسری طرف خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں تشدد یا ظلم قطعاً برداشت نہیں۔ ماؤں،بہنوں، بیٹیوں کی عزت معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار ہیں۔ بیٹیوں اور بہنوں سمیت خواتین کی عزت و احترام نبی کریم ؐ کی سنت ہے ۔ خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اورمجرم ہیں، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...