لیبیا کے قریب کشتی حادثہ،35پاکستانی لاپتہ:جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی:لواحقین

لیبیا  کے  قریب  کشتی  حادثہ،35پاکستانی  لاپتہ:جاں  بحق  ہونے  کی  اطلاع  ملی:لواحقین

نوجوانوں کا تعلق باجوڑ سے تھا ،روزگار کیلئے یورپ جانا چاہتے تھے ،وزیر اعظم کے مشیر مبارک زیب کا چچا زاد بھی شامل 6افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا، ایف آئی اے ٹیم تحقیقات کیلئے پہنچ گئی،بلغاریہ میں 35پاکستانی وافغان تارکین گرفتار

پشاور ،طرابلس،صوفیہ(اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)باجوڑ کے 35نوجوان بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کے دوران مبینہ طور پر لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی حادثے میں لاپتا ہوگئے ۔لواحقین کا کہنا ہے پیاروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ایجنٹ کے ذریعے ملی، ایجنٹ نے گزشتہ روز بتایا لیبیا میں کشتی کو 21 نومبر کو حادثہ پیش آیا تھا، سمندر سے اب تک کسی کی لاش نہیں نکالی جاسکی ہے ۔ضلع انتظامیہ باجوڑ کے مطابق افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم و سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ متاثرہ خاندانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی ۔ انتظامیہ باجوڑ کے مطابق نوجوان غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ سمندری سفر کے دوران کشتی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں لاپتا ہونے والے 35 نوجوانوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ادھر تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں 6 افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔ سوشل میڈیا پر حادثے میں متاثر ہونے والے نوجوانوں کی تصاویر بھی زیر گردشِ ہیں۔ متاثرہ خاندانوں نے تصدیق کی کہ کچھ خاندانوں کو جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی اطلاع ایجنٹ نے دی۔ڈی پی او خان زیب مہمندکے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ غیر قانونی طریقوں سے یورپی ممالک بھیجنے والے ایجنٹوں کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے ۔یہ سانحہ بے روزگاری، معاشی مشکلات اور بہتر مستقبل کی تلاش میں نوجوانوں کی غیر محفوظ راستوں سے ہجرت کی ایک دردناک مثال ہے ۔ واقعے نے ایک بار پھر انسانی سمگلنگ کی روک تھام، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے بچانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کردیا ہے ۔

ادھر لیبیا کشتی حادثے کے بعد ایف آئی اے ٹیم تحقیقات کیلئے باجوڑ پہنچ گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے کی ٹیم لیبیا بھجوانے والے ایجنٹس کے خلاف تحقیقات کرے گی کہ کس ایئر پورٹ سے افراد بیرون ملک گئے ؟۔ ٹیم لواحقین سے ملاقات کرے گی۔ لاپتا 35افراد میں وزیراعظم کے مشیر ایم این اے مبارک زیب کے چچا زاد بھائی بھی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کوائف اور سفری دستاویزات پر حکام سے رابطہ کر لیا۔ مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا کے نوجوان روزگار نہ ملنے پر سمندروں میں جانیں گنوا رہے ہیں۔ بے امنی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے نوجوانوں کو ملک چھوڑنے پر مجبورکیا ۔ نوجوانوں کو اپنے وطن میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل میسر نہیں۔ایمل ولی نے مطالبہ کیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے ۔ادھر بلغاریہ کے سرحدی محافظوں نے بحیرہ اسود میں ترکیہ کی سرحد کے قریب ربڑ کی کشتی کے ذریعے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 35 تارکین وطن کو گرفتار کر لیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار افراد میں اکثریت پاکستانی اور افغان شہریوں کی ہے ۔ تمام افراد کی حالت بہتر ہے اور انہیں مزید تحقیقات کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...