فضل الرحمن کی نظر بندی گھمبیر معاملہ،وجوہات دینا ہونگی :ہائیکورٹ
جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے ، اسے خمیازہ بھگتنا ہوگا ، عدالت کے ریمارکس مولانا کی زندگی اور آزادی کو خطرہ :درخواست گزار،سی سی پی او سے جواب طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کر لیا اور سماعت آج تک ملتوی کردی،جسٹس علی ضیا باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈی سی لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر مولانا فضل الرحمن کو نظر بند کیا گیا ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے ، نظر بند کرنے کی وجوہات دینا ہوں گی، عدالت نے مزید ریمارکس د ئیے کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے ، اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی زندگی اور آزادی کو خطرہ ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت بازیابی کا حکم دے ،لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کر لیا،سماعت آج پھر ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments