عوام کو سستی ادویات کی فراہمی چیلنج : وفاق اور صوبوں کو مل کر وسائل استعمال کرنا ہونگے : وزیراعظم، جعلی دوائوں کی روک تھام کیلئے ایپ تیار
ماضی میں ایک دوا سے 100 اموات ہوئیں،غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا،اشرافیہ مہنگے ترین ہسپتال میں علاج کراسکتی ،کروڑوں افراد کو ادویات تک رسائی نہیں، سہولیات یکساں ہونی چاہئیں،ایپ کے افتتاح پر خطاب قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کیلئے سازگار ماحول فراہم کریں گے :شہباز شریف ، امیر جماعت اسلامی کی وفد کے ہمراہ ملاقات،کمیٹی کا اعلان،لیوی پر معاہدہ طے :حافظ نعیم، چینی سفیر اوراین آئی ایچ کا وفد بھی ملا
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ،نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا عوام کو سستی ادویات کی فراہمی چیلنج ہے ، وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی اورمعیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی روک تھام کے لئے ’’محفوظ دوا‘‘ایپ منصوبہ عوام کے تحفظ و صحت کے نظام میں اعتماد کی بحالی کے لئے اہم قدم ہے ، ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کے لئے برابر ہونی چاہئیں۔ وہ ادویات کی ٹریکنگ کے لئے وزارت قومی صحت خدمات کی محفوظ دوا ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ایک افسوس ناک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ ماضی میں وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو اس وقت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 100کے قریب زیرعلاج دل کے مریض انتقال کرگئے جس پر حکومت پنجاب کومورد الزام ٹھہرایا گیا تب فوری طور پروہاں سے ادویات کے نمونے لے کر انہیں لندن، جنیوا اور پیرس بھجوایا گیا، اس وقت کی وفاقی حکومت نے ڈریپ کے ذریعے ان ادویات کو مستند قرار دیتے ہوئے اسے دل کے مرض کی دوا کہا اور اس کا ذمہ دار پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کو قرار دیا، اس افسوس ناک خبر نے ہمیں مزید مضطرب کردیا ، یورپی لیبارٹریوں نے تصدیق کی کہ مریضوں کو دی گئی ادویات دل کی نہیں ملیریا کی تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس فیکٹری میں یہ ادویات بن رہی تھیں ہوسکتا ہے کہ ان کے علم میں بھی نہ ہوا ہوتاہم یہ ادویات دل کے مریضوں کو دی جارہی تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرہم اس قسم کے واقعات کی روشنی میں ماضی سے سبق حاصل کریں اور اپنے آپ کو عوامی خدمت کے لئے وقف کریں تونہ صرف ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ہوسکتا ہے بلکہ یہ ایک قومی خدمت بھی ہوگی۔ انہوں نے نئی ایپ کے اجراء پروزارت قومی صحت ، ڈریپ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپ سے جہاں جعلی ادویات کی نشاندہی ہوسکے گی وہاں یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ اس دوا کی اصل قیمت کیا ہے اور مارکیٹ میں اس کی دستیابی کی صورتحال کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ایپ کوگھر گھر پہنچانے کے لئے وزارت اطلاعات ونشریات اور وزارت آئی ٹی کے ساتھ ملکرآگاہی مہم چلائی جائے ، اس کارخیرکی وجہ سے اس عمل میں شریک افراد اور اداروں کو دین و دنیا دونوں میں بھلائی حاصل ہوگی ۔ انہو ں نے فارما انڈسٹری کے مالکان اور سی ای اوزکا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کام میں تعاون کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ شروع میں اس حوالے سے کچھ ابہام تھا تاہم وہ اس ابہام سے باہر نکل آئے اور انہوں نے جو قدم اٹھایا وہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایپ جدت کی حامل ایک بہترین پیش قدمی ہے لیکن اصل مسئلہ ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے ہے جو عام آدمی کی دسترس میں ہونی چاہئیں، پاکستان میں موجود اشرافیہ اپنا اور اپنے اہلخانہ کا علاج پاکستان کے مہنگے ترین ہسپتالوں میں کرا سکتی ہے کیونکہ اللہ نے انہیں وسائل دئیے ہیں تاہم کروڑوں افراد ایسے ہیں جو غربت کی وجہ سے ادویات تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں قائداعظم کے پاکستان کے وژن کوسامنے رکھ کر تعلیم اورصحت کے میدان میں اپنی پالیسیاں وضع کرنی چاہئیں، اس کے لئے بنیادی اصول یہ ہونا چاہئے کہ صحت اورتعلیم کی سہولیات سب کے لئے برابر ہونی چاہیے ۔ وفاقی وزیر قومی صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے کہا فارما انڈسٹری نے 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت کے ساتھ شیئر کیاہے ،700 فارما سوٹیکل کمپنیوں کا ڈیٹا قومی ڈیٹا بینک میں شامل کرلیاگیا جو اہم پیش قدمی ہے ۔ڈاکٹر عبیداللہ نے ایپ کے بارے میں بتایا کہ ادویات کی پیکنگ پر موجود بار کوڈ سکین کرکے دوا کی اصلیت معلوم کی جاسکتی ہے ،ایپ کے ذریعے ادویات کی اصلیت،قیمت اور ایکسپائری تاریخ کی تصدیق ممکن ہوگی۔جعلی دوا کی نشاندہی پر موبائل سکرین سرخ جبکہ معیاری اور اصل دوا پر سبز ہوجائے گی۔محفوظ ایپ میں ادویات کی عدم دستیابی اور معیار سے متعلق شکایت کی سہولت بھی موجود ہے ۔مشکوک اور جعلی ادویات کی شکایات براہ راست ڈریپ تک پہنچائی جاسکیں گی۔‘‘محفوظ دوا ’’ایپ اینڈرائیڈ اور ایپل ایپ سٹور پر دستیاب ہے۔
اس موقع پر جعلی ادویات کے خلاف کارروائیوں اور اس کے نقصانات کے بارے میں دستا ویزی فلم بھی دکھائی گئی۔دریں اثنا وزیراعظم نے پاکستان میں قیمتی پتھروں کی ویلیو چین کی بہتری اور برآمدات میں اضافے کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور انکی برآمدات کے حوالے سے وسیع استعداد موجود ہے ،حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفکیشن کیلئے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنایا جائے ،قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کیلئے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے سیکرٹری خارجہ کو سفراء کو اس حوالے سے متعلقہ ممالک میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جہاں تقریباً 300 ملین قیراط قیمتی پتھر کے ذخائر کی توقع ہے اور 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں۔
اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5,500 سے زائد ہے ، تاہم خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کے محدود مواقع اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں جن کو دور کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر لیاقت بلوچ، فراست شاہ اور عنایت اللہ خان نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ان پر نیک نیتی، خلوص اور برق رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے تاہم چند مطالبات پر تاحال قائم ہیں، حکومت کے پٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے ، ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسانوں کو بھی ٹریکٹروں پر ڈیزل میں ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی، حکومت پٹرولیم لیوی پر آئندہ بجٹ تک ورکنگ مکمل کر لے گی تاکہ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے ۔مزید برآں وزیراعظم سے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن لے جانے والے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چین کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے ۔شہباز شریف سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے بورڈ آف گورنرز نے بھی چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار بُھٹہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ بیماریوں کی نگرانی، عوامی صحت، طبی تحقیق، ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے اس ادارے کو خدمات سر انجام دینے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں۔وزیراعظم کو بورڈ آف گورنرز کی جانب سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو درپیش ادارہ جاتی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے این آئی ایچ کے طویل المدتی قانونی، انتظامی اور دیگر مسائل کے فوری حل کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے اور ملک بھر میں بیماریوں کی مؤثر نگرانی، بروقت معلومات کے تبادلے اور مربوط اقدامات کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments