کراچی:عمارت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچ کالونی کے قریب زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں گرنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کو عمارت کے ملبے سے ایک لاش برآمد کی گئی، ریسکیو اداروں کو لاش ملبے سے نکالنے میں دشواری کا سامنا رہا، عمارت کے تعمیراتی سریے کاٹ کر لاش نکالی گئی۔ ملبے میں اب بھی متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔ دوسری جانب امدادی کارروائیوں سے مطمئن نہ ہونے پر لاپتا افراد کے اہل خانہ اور مکین شارع فیصل پر جمع ہوگئے اور دونوں ٹریک بند کردیے ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے ، جنہوں نے سڑک پر رکاوٹیں رکھ دیں۔مظاہرین کا کہنا تھا امدادی کارروائی میں غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ، ہمارے پیارے ملبے میں دبے ہوئے ہیں اور انتظامیہ خاموش ہے ۔سڑک بند ہونے کے کچھ دیر بعد انتظامیہ اور پولیس پہنچ گئی، مظاہرین سے بات چیت کی جس کے بعد سڑک کھول دی گئی۔ واضح رہے کہ حادثے کے بعد لاپتا افراد کی فہرست سامنے آئی ہے جن کا تاحال کچھ نہیں پتا وہ کہاں ہیں۔فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں محمد وقاص ، محمد علی ،علی حسن ،محمد جبران ،وقاص نور ، عادل شیر ، عباس جعفری ، علی شیر ، نور احمد ، محمد حجیب ، محمد ارسلان ،عرفان ، مفید ، اللہ دتو ، عابد علی ، صغیر علی اور حسیب علی شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments