اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتوں کی توسیع شیڈول معطل
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتوں کی توسیع کر دی، عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بھی معطل کر دیا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کر دی، الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا ہے ۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ آپ نے حل نہیں کیا؟ وکیل عادل عزیز نے کہا کہ ایک وارڈ میں صرف 2 ووٹرز ہیں، اس کا الیکشن کیسے ہوگا؟ جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ 2015 کے قانون کے مطابق آپ نے حلقہ بندیاں کرنی ہیں۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہا ہم نے تفصیلی آرڈر پاس کر دیا ہے ، وجوہات بھی دی ہیں۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ آپ کچھ پروسیڈنگز کرتے تو کوئی اپیل فائل کرتا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ہم نے پروسیڈنگز کی ہیں، 6 دفعہ یہ ایکسرسائز کر چکے ہیں۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ ہمیں ابھی پتا نہیں پارلیمنٹ اس پر کیا کرتی ہے ، اگر الیکشن شیڈول آپ نے جاری کر دیا تو کیا آپ حلقہ بندیاں تبدیل کر سکتے ہیں، آپ نے مطمئن کرنا ہے کہ حلقہ بندیوں کا پراسس مکمل ہو گیا تھا، اس سے پہلے بھی ہمارے پاس کئی درخواستیں آئی ہیں، درخواست گزار کہتے ہیں ہمیں یہ پتا نہیں ہم کون سی وارڈ میں ہیں۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیئے کہ 14 اکتوبر کا آپ کا آرڈر آیا ہے کہ حلقہ بندیاں مکمل ہوگئی ہیں، وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ جو قانون موجود ہے اس کے مطابق ہم نے حلقہ بندیاں کی ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments