بجلی 2 روپے 88 پیسے یونٹ مہنگی کرنیکی تیاریاں، فیصلہ محفوظ
سی پی پی اے نے اکتوبر 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست جمع کرائی تھی حکومت کا فیول ایڈجسٹمنٹ کا اضافی بوجھ 83پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(نامہ نگار) بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سی پی پی اے نے اکتوبر 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست جمع کرائی تھی، اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی۔سماعت میں بتایا گیا کہ اکتوبر میں ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے ، فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے اور ایل این جی سے 28 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہی۔
نومبر میں ہائیڈل بجلی کا حصہ 30.7 فیصد سے کم ہوکر 26.2 فیصد، مقامی کوئلے کا 14.8 سے 12.7 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے کا حصہ 11.4 سے بڑھ کر 14.6 فیصد ہوگیا۔ علاوہ ازیں حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کے لیے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز دے دی۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اس عرصے میں فیول ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے جس سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments