پنجاب کی تقسیم سندھ سے مشروط ہونا آئینی ضرورت نہیں
پنجاب کی تقسیم کو سندھ کے مقابلہ میں سیاسی نقصان ہوا تو مزاحمت بڑھ سکتی
(تجزیہ:سلمان غنی)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صوبوں کی تقسیم کے عمل پر اپنی پارٹی کے اصولی مؤقف پر قائم سندھ کے حوالہ سے تقسیم پر تیار نہیں اور تقسیم کے فارمولہ کے عمل کو پنجاب کی تقسیم تک محدود رکھنا چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ پنجاب میں جنوبی پنجاب میں صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کی تھی اور سندھ اسمبلی نے تقسیم کے عمل کو مسترد کیا تھا، لہٰذا وہ اسمبلیوں کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو فیصلہ پنجاب اسمبلی میں ہوگا اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا اور جو سندھ اسمبلی میں ہوگا اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا، مطلب کہ وہ پنجاب میں تقسیم کے حامی ہیں مگر سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں ،بلاول بھٹو زرداری دراصل یہ کہنا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے مسئلہ پر پنجاب اور سندھ کیلئے الگ الگ اصول نہیں رکھنا چاہتی، تاہم اصل امتحان عملی پیش رفت ہوگی۔
اگر پیپلز پارٹی سندھ میں بھی نئے صوبوں کے معاملہ پر اصولی بحث عوامی مشاورت اور اس طریقہ کار کی حمایت کرتی ہے تو یہ بیان نئے صوبوں پر قومی اتفاق رائے کی طرف ا ہم سیاسی قدم بن سکتا ہے ۔جہاں تک اس امرکا تعلق ہے کہ کیا پنجاب سندھ کی تقسیم نہ ہونے پر یہاں تقسیم کے عمل کو قبول کر لے گا توپنجاب میں یہ تاثر مضبوط ہوگا کہ سندھ کے لئے ایک اصول اور پنجاب کے لئے دوسرا اصول کیوں اور اس طرح نئے صوبوں کا عمل پیچیدہ ہو سکتا ہے ۔اب یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ بلاول بھٹو زرداری کی منطق کے بعد کیا مسلم لیگ ن سندھ کی تقسیم کو شرط بنائے گی۔ پنجاب میں جنوبی پنجاب کا مطالبہ اپنی الگ سیاسی اور انتظامی بنیاد رکھتا ہے ، اگر مسلم لیگ ن یہ سمجھتی ہے کہ جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ بنانے سے اسے سیاسی فائدہ اور عوامی حمایت حاصل ہو سکتی ہے تووہ سندھ میں صوبہ بنانے کا انتظار کئے بغیر اس عمل کی حمایت کر سکتی ہے ۔
لیکن اگر پنجاب کی تقسیم کو سندھ کے مقابلہ میں سیاسی نقصان یا غیر منصفانہ سمجھا گیا تو مزاحمت بڑھ سکتی ہے ۔ ویسے بلاول کے بیان کے ذریعے پیپلز پارٹی یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ وہ پنجاب کی تقسیم کی حمایت کرتے ہوئے سندھ میں اصولی طور پر مختلف مؤقف نہیں اپناتی ،تاہم اس بیان سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کسی مخصوص نئے صوبے کی تشکیل پر فوری طور پر آمادہ ہوئی ہے ۔ آئینی ماہرین کے نزدیک پنجاب اور سندھ کی تقسیم دو الگ الگ آئینی معاملات ہیں، آئین کے آرٹیکل (4) 239کے تحت کسی صوبے کی حدود تبدیل کرنے کے لئے متعلقہ اسمبلی کی کل رکنیت کا کم از کم دوتہائی ضروری ہے ، اس لئے سندھ میں صوبہ نہ بننے سے پنجاب کی تقسیم قانونی طور پر نہیں رکتی اور پنجاب کی تقسیم سندھ کی تقسیم کو لازمی نہیں بناتی ،آئینی طور پر دونوں معاملات الگ ہیں۔
اسلام آباد کے ذمہ دار حلقوں کاکہنا ہے کہ پس پردہ صوبوں میں تقسیم کے عمل پر سنجیدگی سے کام جاری ہے اور اس حوالہ سے حقیقت پسندانہ زمینی حقائق کے تحت ہی حل نکالا جا رہا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کے ردعمل اور دباؤ کا شکار نہیں ہوا جا رہا۔ ان حلقوں کے مطابق نئے صوبوں کے حوالہ سے حکمت عملی بننے کا امکان ہے لیکن فوری اتفاق رائے نہیں ہوگا،نئے صوبوں کا مسئلہ اب جنوبی پنجاب یا سندھ کا مسئلہ نہیں بلکہ وفاقی سیاست اور صوبائی خود مختاری سے جڑا ہے ۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنے صوبوں کے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد میں نئے صوبوں کا یکساں اصول تسلیم کر سکیں گے ؟ اگر ایسا ہو گیا تو پاکستان کے ڈھانچہ میں ایک بڑی سیاسی و انتظامی پیشرفت ہوگی ،بصورت دیگر نئے صوبوں کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سیاسی مصلحتوں کا شکار ہو سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments