بنگلہ دیش کیساتھ بردرانہ تعلقات انتہائی اہم، مزید مستحکم بنائینگے : وزیراعظم

بنگلہ دیش کیساتھ بردرانہ تعلقات انتہائی اہم، مزید مستحکم بنائینگے : وزیراعظم

مشترکہ تاریخی پس منظر، ثقافتی ہم آہنگی، پارلیمانی تعاون ،عوامی روابط کا فروغ باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے نہایت اہم پارلیمانی وفود کے تبادلے قریبی تعاون کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کر سکتے ،شہباز شریف، بنگلہ دیشی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا

 اسلام آباد(دنیا رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی پس منظر، ثقافتی ہم آہنگی، پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کو باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور ان کے ہمراہ آئے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی پس منظر اور ثقافتی ہم آہنگی کا حوالہ دیتے ہوئے ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے دورئہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقاتیں اور روابط پارلیمانی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری اور باہمی روابط کے فروغ کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

دونوں ممالک کے منتخب نمائندوں کے درمیان مسلسل رابطے ، تجربات کا تبادلہ اور باہمی مشاورت جمہوری اداروں کے استحکام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کا یہ پیغام اس مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے مشترکہ تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو باہمی احترام، مکالمے اور تعمیری شراکت داری کے ذریعے مستقبل کے مضبوط تعلقات میں تبدیل کریں۔یہ دورہ محض ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے نئے امکانات کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع ہے ۔ مضبوط پارلیمانی روابط اور عوامی سطح پر بہتر تعلقات دونوں ممالک کو ایک زیادہ مستحکم، خوشحال اور باہمی مفادات پر مبنی مستقبل کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...