مقتدرہ نے نرمی نہ دکھانے کا فیصلہ کر لیا تھا:نجم سیٹھی
مولانا کو سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر آگے بڑھنا چاہیے تھا:سینئر تجزیہ کار سڑکوں پر احتجاج سے تصادم کا خطرہ بڑھتا :’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اس وقت جوسڑکوں پر ہیں کوئی فکس میچ نہیں،جب اس قسم کی صورت حال بن جائے تو ٹینشن ہوتی ہے جب لوگ سڑکوں پر آنا شروع ہوجائیں،خواہ وہ تھوڑے عرصہ کیلئے آئیں ،پولیس کوبھی ہدایات ہوتی ہیں ایکشن لو،اس وجہ سے تصادم کا خطرہ ہوتا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا مقتدرہ میں یہ فیصلہ پہلے ہوچکا تھا کہ اب مولانا فضل الرحمن سے متعلق نرمی نہیں دکھانی،مولانا کے مائنز اینڈ منرلز سے متعلق بیانات کو مقتدرہ دھمکیاں سمجھتے ہیں، میں سمجھتا ہوں مولانا کی یہ باتیں ناجائز ہیں ایسی بات نہیں کہ کے پی کی لوٹ مار شروع ہو گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا افغان حکومت کے خلاف کھڑے نہیں ہور ہے یہ بھی ایشو ہے اور یہ بڑی تکلیف دہ بات ہے کہ اس ایشو پر وہ ریاستی اداروں کو سپورٹ نہیں کررہے۔
انہوں نے شہدا سے متعلق بھی بیان دیا تھا اوروہ بہت آگے بڑھ گئے ، حکومت نے یہی باتیں کرنے سے روک دیا ہے ، اسلام آباد والوں کا خیال ہے کہ مولانا کی باتیں ہمارے لئے نقصان دہ ہیں ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ مولانا کو چاہئے تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے ساتھ ملاتے ،پھر آگے بڑھتے ، وہ سرگودھا جلسہ کیلئے جارہے تھے ان کو روک لیا گیا تو وہ خود ہی گرفتار ہو گئے ،وجہ یہ ہے کہ کوئی بات نہیں بنی ، مولانا چاہتے تھے انہیں پیچھے ہٹنے کا موقع مل جائے اسی لیے جب ٹھوکر نیاز بیگ میں انہیں کہا گیا کہ مہربانی کریں گھر چلے جائیں تو مولانا نے کہا کہ درخواست قبول مگر میں اسے گرفتاری ہی سمجھوں گا ۔سینئر تجزیہ کار نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوگیا، مولانا ایک قدم پیچھے ہٹ گئے ، دونوں طرف سے اس معاملے کو ختم کر دینا چاہئے ،ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک ساتھ بیٹھنا چاہئے ، ایک معاہدہ کرنا چاہئے کہ پاکستان کو کیسے مل کر خوشحال بنا سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments