بنگلہ دیش کے پارلیمانی وفد کی کراچی آمد، مزارقائد پر حاضری

بنگلہ دیش کے پارلیمانی وفد کی کراچی آمد، مزارقائد پر حاضری

سپیکر پارلیمان حافظ الدین احمد کی قیادت میں میوزیم دیکھا،سندھ اسمبلی کا بھی دورہ سرحدیں الگ ہونے کے باوجود بنگلہ دیشی عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں، وزرااورارکان

کراچی(سٹاف رپورٹر،اے پی پی)بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلی سطح کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ۔اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی جانب سے صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی، اراکین اسمبلی جام شبیر علی خان اور محمد یوسف بلوچ نے مہمانوں کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔بنگلہ دیش کے پارلیمانی وفد نے بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر حاضری دی اور میوزیم کا دورہ کیا ۔اس کے بعد وفد نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا۔اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے وفد کا استقبال کیا۔ پارلیمانی وفد ایوان کے مہمانوں کی گیلری میں موجود رہا۔ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی، ممبر پارلیمنٹ نجیب الرحمان، نیلوفر اور محمد اکبر حسین وفد میں موجود تھے ۔ تمام ارکان نے ڈیسک بجا کر وفد کو خوش آمدید کہا۔پیپلز پارٹی کے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اچھے تعلقات کی بحالی بہت اچھا اقدام ہے ، دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونے چاہئیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے دورے اور تبادلہ خیال خوش آئند ہیں، پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی روابط کو فروغ ملے گا۔جماعت اسلامی کے محمد فاروق نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرپا دوستی کے نئے دور کی بنیاد رکھنی چاہیے ، پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ نظریے اور تاریخ کے رشتے میں بندھے ہیں۔پی ٹی آئی حامی شبیر احمد قریشی اورایم کیو ایم کی جانب سے وسیم احمد نے اسپیکر بنگلہ دیش کو خوش آمدید کہا۔صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ سچل سرمست کی زمین پر آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش نے مل کر آزادی کی جدوجہد کی ،بزرگوں سے بنگلہ دیش کے شہروں اور ثقافت کے قصے سنتے آئے ہیں، بنگلہ دیش کی خوشبو آج بھی ہمارے معاشرے میں محسوس ہوتی ہے ،سرحدیں الگ ہونے کے باوجود بنگلہ دیشی عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں، پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں،پاکستان اور بنگلہ دیش مل کر مستقبل میں نئے سنگ میل عبور کر سکتے ہیں۔بنگلہ دیشی وفد کی صوبائی قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...