ہائیکورٹ:سلیکشن بورڈزکے منٹس اور ورکنگ پیپرز پیش نہ کرنے پر برہمی

ہائیکورٹ:سلیکشن بورڈزکے منٹس اور ورکنگ پیپرز پیش نہ کرنے پر برہمی

جونیئر افسران کو ترقیاں اور سینئر افسران کو نظرانداز کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت

 کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے صوبائی سلیکشن بورڈز کی جانب سے جونیئر افسران کو ترقیاں دینے اور سینئر افسران کو نظرانداز کرنے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران سلیکشن بورڈز کے اجلاسوں کے منٹس اور ورکنگ پیپرز پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو جواب جمع کرانے کے لیے 11 دسمبر تک مہلت دے دی۔سینئر افسران طارق علی، اختر حسین بگٹی اور ڈاکٹر شاکر نے بیرسٹر فروغ نسیم کے توسط سے تین درخواستیں دائر کی ہیں، درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ وہ گریڈ 19 سے 20 اور گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کے حقدار ہیں، تاہم انہیں ترقی سے محروم کرکے من پسند جونیئر افسران کو ترقی دی گئی۔ بیرسٹر فروغ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ من پسند جونیئر افسران کو ترقی دینے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے گئے ، درخواست گزاروں کو ترقی سے محروم کرنے کے لیے نام نہاد پرفارمینس انڈیکیٹر متعارف کروایا گیا، جبکہ اسائنمنٹ مکمل ہونے کے باوجود انہیں ترقی نہیں دی گئی اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے ۔سماعت کے دوران عدالت کے طلب کرنے پر سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی محمد سلیم راجپوت پیش ہوئے ۔ جسٹس ریاضت علی نے استفسار کیا کہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی میں درخواست گزاروں سے متعلق کیا فیصلہ کیا گیا تھا؟۔ سیکریٹری نے جواب دیا کہ انہیں گزشتہ روز دوپہر تین بجے درخواست کی کاپی اور نوٹس موصول ہوئے ، جبکہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کے باعث وہ مصروف تھے۔

اس لیے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے ۔ جسٹس ریاضت علی نے ریمارکس دیے کہ اس سے قبل 18 نومبر کو حکم جاری ہوا، جو 24 نومبر کو موصول ہوا، اس کا جواب کیوں جمع نہیں کرایا گیا؟ ۔عدالت نے نشاندہی کی کہ جونیئر افسران کو ترقیاں دینے کے ساتھ پوسٹنگ آرڈرز بھی جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ درخواست گزاروں کو ترقی نہ دینے کی وجوہات بتانے کے لیے حکام تیار نہیں۔ سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے کہا کہ طریقہ کار یہی ہے کہ جن افسران کی ترقیاں ہوجاتی ہیں، پہلے ان کے نوٹیفکیشن اور پوسٹنگ آرڈرز جاری کیے جاتے ہیں، بعد میں دیگر معاملات دیکھے جاتے ہیں۔ جسٹس ریاضت علی نے ریمارکس دیے کہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کو ایک ماہ مکمل ہوچکا ہے ، لیکن درخواست گزاروں کو اب تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت طلب کی، جبکہ بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کی کہ سیکریٹری کو مہلت دے دی جائے ، تاہم اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو حکم جاری کیا جائے کہ جونیئر افسران کو ترقی کے گریڈ کی تنخواہیں ادا نہ کی جائیں۔ عدالت نے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو جواب جمع کرانے کے لیے 11 دسمبر تک مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جواب کی ایڈوانس کاپی درخواست گزاروں کے وکیل کو بھی فراہم کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...