2027 میں اے آئی ماڈلز اور ایجنٹس سپلائی چین پرحملوں کا راستہ
آئی ٹی،ٹیلی کام کمپنیوں کے نظام میں نقب لگانے سے صارفین تک رسائی مل سکتی
اسلام آباد (نامہ نگار)سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی نے خبردار کیا ہے کہ 2027میں اوپن سورس سافٹ ویئر، سافٹ ویئر کی تیاری اور اپ ڈیٹ کے نظام، مصنوعی ذہانت کے ماڈلز اور اے آئی ایجنٹس سپلائی چین سائبر حملوں کے اہم داخلی راستے بن سکتے ہیں۔ نئی پیش گوئیوں کے مطابق سائبر حملہ آوروں کے بنیادی اہداف میں صارفین کی لاگ اِن معلومات چرانا اور سائبر جاسوسی شامل ہوں گے ۔ آئی ٹی اور ٹیلی کام کمپنیاں ترجیحی اہداف رہیں گی کیونکہ کسی ایک سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے نظام میں نقب لگانے سے متعدد صارفین تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے ۔کیسپرسکی کے سالانہ سکیورٹی بلیٹن اور مارچ 2026 کی تحقیق کے مطابق ہر تین میں سے ایک کمپنی (31 فیصد) کو سپلائی چین سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا تاہم صرف 9 فیصد شرکا نے اسے سب سے خطرناک خطرہ قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی ماڈلز میں نقصان دہ تبدیلیاں شامل کیے جانے کا خدشہ ہے جبکہ اے آئی ایجنٹس اور ایم سی پی سرورز بیک ڈورز پھیلانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ مزید برآں مقبول اے آئی ماڈلز تیار کرنے والے ممالک میں قانونی اور ضابطہ جاتی تبدیلیاں بیرونِ ملک ان کے استعمال پر پابندیاں عائد کر سکتی ہیں جس سے سائبر حملے کے بغیر بھی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔سکیورٹی آپریشنز سینٹر کے سربراہ سرگئی سولداتوف کے مطابق مصنوعی ذہانت اب حملہ آوروں کو جدید میل ویئر بنانے میں مدد دیتی ہے اور خود بھی حملوں کا داخلی راستہ بن رہی ہے ۔ کیسپرسکی نے اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکنالوجی نظام کے اجزا کی مکمل فہرست مرتب کریں اور خطرات کا پتا لگانے کے لیے کیسپرسکی کنٹینر سکیورٹی اور کیسپرسکی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ انٹیلی جنس استعمال کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments