مسائل اور ان کا حل
کریڈٹ کارڈ کا استعمال سوال :کیا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے شاپنگ کرنا جائز ہے؟(انعام الحق ،کراچی)
جواب :کریڈیٹ کارڈ بنواتے وقت چونکہ سودی معاملہ کرنا پڑتا ہے اس لئے عام حالات میں اس کا بنوانا جائز نہیں ہے، لہٰذا اگر کسی کو ڈیبٹ کارڈ کی سہولت میسر ہو تو اس کیلئے کریڈٹ کارڈ بنوانا جائز نہیں ہے۔ اگر کسی نے کسی مجبوری کی وجہ سے اس کارڈ کو بنوا لیا تو اس کا استعمال درج ذیل شرائط کے ساتھ درست ہو گا۔
(الف) حامل کارڈ اس بات کا پورا پورا انتظام کرے کہ وہ معین وقت سے پہلے پہلے ادائیگی کر دے اور کسی بھی وقت سود عائد ہونے کا امکان باقی نہ رہے۔
(ب) حامل کارڈ کی یہ ذمہ داری ہے کہ اس کارڈ کو غیر شرعی امور میں استعمال نہ کرے۔
(ج) اگر ضرورت ڈیبٹ کارڈ سے پوری ہو رہی ہو تو بہتر ہے کہ اس کارڈ کو استعمال نہ کیا جائے۔ (مستفاد من فتاویٰ عثمانی ج:3،ص:53)
زوال کے وقت تلاوت قرآن کرنا
سوال:کیازوال کے وقت تلاوت ِقرآن پاک کرنا جائز ہے؟(ذوالقرنین ، دنیا پور )
جواب:زوال کے وقت تلاوت ِقرآن پاک کرنا جائز ہے،البتہ زوال کے وقت تلاوت قرآن کے بجائے دُعا،درود،اور تسبیح،ذکر وغیرہ میں مشغول رہنا زیادہ افضل اور اولیٰ ہے۔ (الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین،1/ 374):حاشیۃ الطحطاویٰ،ص: 186)
فیس لے کرآن لائن قرآن پڑھانا
سوال: کیا فیس لے کرآن لائن قرآن کریم پڑھانا جائز ہے؟(ثاقب کریم، لاہور)
جواب: آن لائن قرآن کریم پڑھانا جائز ہے اور اس پر مقررہ اجرت لینا بھی جائز ہے۔ (الدر المختار وحاشیہ ابن عابدین ،6/ 55)
حمل میں بچے کو دودھ پلانا
سوال:ایک ماں بچے کو دودھ پلاتی ہے اور ایک سال پلانے کے بعد حاملہ ہو گئی،کیا وہ دودھ پلانے کی دو سالہ مدت پوری کرے گی یا دودھ چھڑوائے گی؟اگر دودھ چھڑوایا جاتا ہے تو کیوں؟(محمد نعیم، سکھر)
جواب :حمل کی حالت میں عورت کا اپنے چھوٹے بچے کو دودھ پلانا شرعاًجائز ہے،البتہ طبی اعتبار سے بچے کو دودھ پلانے میں بچے کی صحت پر مضر اثرات پڑنے کا اندیشہ ہو تو دودھ چھڑا سکتے ہیں۔ (سورۃ البقرہ:233)، (مشکاۃ المصابیح (2/ 223)، (مرقاۃ المفاتیح ،10/ 132)
احرام کی چادر کھولنایا تبدیل کرنا
سوال: اگر محرم شخص(یعنی احرام پہنا ہوا شخص) احرام کی چادر بلا ضرورت کھول دے یا دوسری چادر تبدیل کر لے تو کیااحرام پر فرق پڑتا ہے ؟(رحیم قادری، فیصل آباد)
جواب :محرم شخص احرام کی چادر کو تبدیل کرنے کیلئے یا ایسے ہی احرام کی چادر کھول دے تو اس سے احرام پر کوئی فرق نہیں پڑتا،بشرطیکہ سلے ہوئے کپڑے نہ پہنے۔(ماخذہ امداد الاحکام،671/2، 771)
کیا قہقہہ لگانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟
سوال:میں نے کہیں پڑھا ہے کہ اگرکوئی شخص وضو سے ہو اورنماز سے پہلے وہ قہقہہ لگاتا ہے تو اس وضو سے اس کی نماز نہیں ہو گی،کیا یہ صحیح ہے؟(اکبر علی، کراچی)
جواب:اگر بالغ آدمی رکوع و سجدہ والی نماز میں قہقہہ لگا لے تو نماز فاسد ہو جاتی ہے اور وضوبھی ٹوٹ جاتا ہے۔تاہم اگر باوضو آدمی نماز کے علاوہ قہقہہ لگا لے تو اس سے وضو نہیں ٹوٹتا، اس وضو سے نماز پڑھنا درست ہے۔( سنن الدارقطنی (1/ 307)، (درر الحکام،1/ 52)، (الفتاویٰ الہندیہ ،1/ 12)
بچہ کتنی عمر میں امامت کرواسکتا ہے؟
سوال:بچہ کتنی عمر میں امامت کرواسکتا ہے؟ (ثناء اللہ خان، ڈیرہ اسمعیل خان)
جواب :اگر علاماتِ بلوغت میں سے کوئی علامت پائی جائے تو شرعًا وہ بچہ بالغ ہے اور امامت کروانے کا اہل ہے،ورنہ قمری سال کے حساب سے جب بچے کی عمر پندرہ سال ہوجائے تو شرعاً وہ بالغ شمار ہوگا اور وہ امامت کروا سکتا ہے۔(فی صحیح البخاری)، (وفی الدرالمختار:351)
بانڈ کی شرعی حیثیت
سوال:جناب والا میں بانڈکی شرعی حیثیت جاننا چاہتا ہوں کہ آیا یہ اور اس سے جیتا ہوا انعام جائز ہے یا نہیں؟ نیز اگر کسی سے رقم لینی ہے اوراس نے ضمانت کے طور پر بانڈز رکھوائے ہوں اور ان میں سے کوئی بانڈ نکل آئے تو اس پیسے پر کس کا حق ہے؟ (محمد جمیل، بہاولپور)
جواب: پرائز بانڈز پر جو انعام دیا جاتا ہے اس کی حیثیت سود کی ہے جسے قمار کے ذریعے تقسیم کیا جاتا ہے۔ لہٰذا پرائز بانڈز کی خریداری اور اس پر ملنے والا انعام ناجائز ہے، اس سے احترازکرنا لازم ہے۔ نیز اگرکسی نے بانڈزخرید لئے ہوں، یا کسی نے ضمانت کے طور پر پرائز بانڈز رکھوائے ہوں اور ان پرکوئی انعام نکل آئے تو بانڈزکی اصل رقم (مارکیٹ ویلیو) کے علاوہ ملنے والی اضافی رقم کو بلا نیتِ ثواب صدقہ کرنا لازم ہو گا۔ (مأخوذمن فتاوٰی عثمانی،771/3)