دست شناسی کی اقسام...!
اسپیشل فیچر
علم ،عقل اور تجربہ کسی کی میراث نہیں ہوا کرتے بلکہ یہ خدا وند کریم کی عطا ء ہوتی ہے جسے چاہے وہ عطا کردے۔اسی طرح علم ،عقل اور تجربے کا عمر سے بھی کوئی تعلق نہیں ہوا کرتا ۔ مُعطی ذاتِ با برکات جسے چاہے ،جس عمر میں چاہے عقل کی دولت سے نواز دے،تجربے کی نعمت عظیم عطا کردے۔ماہرین کے مطابق علم دو طرح کا ہوتا ہے،وہبی اور کسبی۔وہبی علم سے خدائے پاک اپنے انبیاء ؑ کو بذریعہ وحی نوازتا ہے۔اپنے پیاروں اور مخصوص لوگوں کو الہامی کیفیات وخوابی حالات سے آگاہی دیتا ہے۔اپنی علیم وخبیر صفات کی معرِفت اپنے بندوں کو دنیا و مافیہا سے با خبر کر دیتا ہے۔کسبی علم انسان کی اپنی کاوشوں ،محنتوں اور ریاضتوں کے مرہون نصیب ہوا کرتا ہے۔ہمارے ہاں عام طور پر ہاتھ کی لکیروں سے متعلق عوام الناس بہت کم معلومات رکھتے ہیں۔ ہاتھ اور ہتھیلی کے علم کو دست شناسی کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے جبکہ جدید علمی تحقیقات اور سائنسی معروضات کی بدولت ماہرین دست شناسی نے علمی لحاظ سے پامسٹری کو مزید آسان اور عام فہم بنانے کی غرض سے درج ذیل شاخوں میں تقسیم کیا ہے:(1) سادہ پامسٹری (simple palmistry) : ہتھیلی پر پائے جانے والے نشانات،ابھارات اور لکیروں کا مشاہدہ کرنا سادہ پامسٹری کے زمرے میں آتا ہے۔سادہ پامسٹری کو مزید دو حصوں میںتقسیم کیا جاتا ہے اول کیرو گنومی ((cheirognomy دوم کیرو مینسی (cheiromancy) پہلے حصے میں ہاتھ کی بناوٹ، ہاتھ کی اقسام ،انگلیوں کی اشکال وغیرہ شامل ہیںجبکہ دوسرے حصے میں ہتھیلی،ہتھیلی میں واقع لکیریں، ابھارات اور دیگر علامات ونشانات شامل ہوتے ہیں۔ (2)سائیکو پامسٹری (psycho palmistry): پامسٹری کی اس شاخ کے تحت نفسیاتی وشخصی مشاہدہ بنایا جاتا ہے۔ذہنی و شعوری حالات،دلچسپیاں اور عادات،فطری رجحانات و طبعی میلانات اور طور و اطوار بھی سائیکو پامسٹری میں ہی زیرِ بحث لائے جاتے ہیں۔ایک ماہر دست شناس کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے بہترین رائے دے سکتا ہے مگر ہمارے ہاں نہ تو والدین بچوں کے رجحانات اور میلانات کے مطابق بچے کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں اور نہ ہی ہمارے تعلیمی ادارے اس طرح کی کوئی پالیسی رکھتے ہیں ۔ (3) آسٹرو پامسٹری((astro palmisty: زندگی میں پیش آنے والے حادثات و واقعات،اہم معلومات، زندگی کی مختلف جہاتِ اور رو نما ہونے والی اہم تبدیلیوں کے معینہ وقت کاآسٹرو پامسٹری کی مدد سے ہی تعین کیا جاتا ہے۔ شادی بیاہ،تنگی و خوشحالی اور معاشرتی و سماجی تبدیلیوں کے ٹائم فریم کے بارے میں بھی ہمیں آسٹرو پامسٹری سے ہی آگاہی میسر آتی ہے۔(4) میڈیکل پامسٹری(medical palmistry): تن درستی و بیماری،صحت و مرض،غذا وپرہیز کا انتخاب اور دیگر جسمانی و روحانی تبدیلیوں کے اوقات مقررہ کی نشاندہی میڈیکل پامسٹری سے کی جاتی ہے۔مرض کے دورانیے سے لیکر صحت یابی کی مدت کے متعلق بھی اسی کے تحت معلومات حاصل ہوا کرتی ہیں۔ہاتھ کا مشاہدہ کرتے وقت ماہر دست شناس ہاتھ کو دو حصوں میں تقسیم کر لیتے ہیں۔پہلے حصے میں ہاتھ کی بناوٹ،قسم اور اسکی ساخت ہوتی ہے۔انگلیوں کی اشکال و اقسام بھی اسی زمرے میں آتی ہیںجبکہ دوسرے حصے میں ہتھیلی اور اس پر واقع علامات، نشانات اور ابھاروں کے تحت پیشین گوئی کی جاتی ہے۔ ماہرین دست شناسی کے مطابق پامسٹری کے مندرجہ ذیل دو حصے ہیں،دست شناسی،کف شناسی۔ دست بمعنی ہاتھ اور کف کے معنی ہتھیلی کے ہیں۔ہمارے ہاں عام طور پر پامسٹری کو صرف دست شناسی کہا جاتا ہے۔ علمی رو سے دست شناسی میں صرف ہاتھ کی بناوٹ،قسم اور انگلیوں کی اقسام و اشکال شامل ہیں۔جبکہ کف شناسی میں ہتھیلی، ہتھیلی میں واقع لکیریں، ابھار اور دیگر علامات و نشانات شامل ہوتے ہیں۔ قارئین:۔ ایک ضروری وضاحت یہ کہ ہمارے یہاں ہر مستقبل بیں کو نجومی کہہ کر پکارا جانا رواج سا بن گیا ہے جو کہ غلط العام تصور ہے۔ پیش گوئی کرنے والوں کے طریقہائے کار بھی مختلف ہیں اور ان کی پہچان بھی جدا جدا ہے۔ان میں نجومی،جوتشی،رمال،دست شناس اور ماہر علم الاعداد وغیرہ شامل ہیں۔یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ ہر پیش گوئی کرنے والا کاہن یا جادو گر بھی نہیں ہوا کرتا،کہانت اور جادو گری مکمل طور پر ایک الگ سبجیکٹ ہے۔ palmistg@yahoo.com٭…٭…٭