خارش: احتیاط اور علاج
اسپیشل فیچر
خارش جسے انگریزی میں Scabies کہتے ہیں ایک متعدی اور تکلیف دہ بیماری ہے اور یہ بھی جوؤں کی ایک قسم سے پیدا ہوتی ہے۔ اس کی مندرجہ ذیل علامات ہیں: مریض کے جسم پر سخت خارش ہوتی ہے۔ یہ خارش رات کے وقت زیادہ ہوتی ہے۔ بعض اوقات دانے نکل آتے ہیں اور ان میں پیپ پڑ جاتی ہے۔ یہ بیماری انگلیوں کے درمیانی حصے، بازوؤں کے اندرونی طرف، ٹانگوں اور رانوں پر، بغلوں میں اور چھاتیوں وغیرہ پر زیادہ ہو سکتی ہے۔ چہرہ اور ہتھیلیاں اکثر متاثر نہیں ہوتے۔ خارش کی وجہ سے زخم خراب ہو سکتے ہیں۔ ان میں سوجن اور پیپ پڑ سکتی ہے۔ یہ بیماری کئی مہینے رہ سکتی ہے اور جسمانی لمس سے دوسروں کو منتقل ہو سکتی ہے۔ ایسے میں کیا کرنا چاہیے؟ اگر جسم پر زخم بن چکے ہیں تو پہلے ان کا علاج ضروری ہے اور اس کے لیے آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے۔ ایسی کریمیں بازار میں دستیاب ہیں جو خارش کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر سے مشورہ کر کے وہ استعمال کریں۔ استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ اس دوائی کو پورے جسم پر لگائیں۔ چہرے اور آنکھوں پر نہ لگائیں۔ دوائی یا مرہم کو اچھی طرح جسم پر لگائیں اور کوئی جگہ خالی نہ چھوڑیں۔ دوران علاج وہی کپڑے استعمال کریں یعنی کپڑے دھو کر دوبارہ پہن لیں۔ مرہم پہلی دفعہ لگانے سے پہلے پورے جسم کو نیم گرم پانی اور صابن سے صاف کریں۔ ہر رات پرانے لگے ہوئے مرہم کو صاف کیے بغیر اس کے اوپر مزید مرہم لگا دیں۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو دن کے وقت جسم دھو لیں۔ لیکن علاج پانچ دن یا نسخے کے مطابق متواتر کریں۔ علاج مکمل ہونے کے بعد اگلی رات نیم گرم پانی سے نہائیں اور تمام کپڑے اور بیڈ شیٹ وغیرہ تبدیل کر دیں۔ جو کپڑے اتاریں انہیں ابلے ہوئے پانی میں ڈال کر دھلوائیں اور دھوپ میں خشک کریں۔ انہیں الٹا استری کریں۔ اگر علاج کے ایک ہفتے کے بعد آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ پوری طرح آرام نہیں آیا تو یہ علاج ایک بار پھر اسی طرح دہرائیں۔ ڈاکٹر سے رابطہ رکھیں تاکہ وہ علاج میں آپ کی رہنمائی کر سکے۔