سنگھاڑا : حیرت انگیز فوائد
اسپیشل فیچر
سنگھاڑا شکل و ذائقے کے لحاظ سے اتنا اچھا نہیں ہوتااور یہی وجہ ہے کہ ہم اس چیز کو نظر انداز کردیتے ہیں جو سردیوں میں گلی کوچوں میں ریڑھیوں پر بک رہی ہوتی ہے۔ مگر بہت سے لوگ اسے بہت پسند کرتے ہیں۔ جنوبی ایشیاء میں عام اس پھل کو سنگھاڑا کے نام سے جانا جاتا ہے جبکہ پانی پھل سمیت اس کے متعدد نام ہیں اور یہ متعدد طبی فوائد کا حامل ہے۔
اس پھل کو خام یا ابال کر کھایا جاتا ہے۔ اس کے خشک پھل کو چکی میں ڈال کر آٹا بھی بنایا جاتا ہے جسے سنگھاڑے کا آٹا کہا جاتا ہے۔
غذائیت بخش اجزاء سے بھرپور
تازہ سنگھاڑے کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، آئرن، آیوڈین سے بھرپور ہوتے ہیں جبکہ اس میں میگنیشم، کیلشیئم، پوٹاشیم، زنک، کاپر اور ملٹی وٹامنز کی دوگنی مقدار ہوتی ہے۔
متوازن غذا
یہ صحت مند زندگی کے لیے مثالی غذا ہے۔ بھینس کے دودھ سے موازنہ کیا جائے تو آدھا کپ سنگھاڑوں میں صرف 0.1 گرام چربی یا فیٹ، 14.8 گرام کاربو ہائیڈریٹس، 0.9 گرام پروٹینز، 22 فیصد مزید ایسے منرلز اور اجزاء شامل ہوتے ہیں۔ 6 کیلوریز، 10 فیصد وٹامن بی سکس اور بی سیون اس کا حصہ ہیں جو دماغ اور جسم کی قوت مدافعت کو بہتر بنانے میں معاونت کرتے ہیں۔ اسی طرح تھائی اے من اور ریبو فلوین پروٹین جسم کو اپنے اندر موجود خوراک کو توانائی میںبدلنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس میں فیٹ نہیں ہوتا اس لیے یہ وزن کو برقرار رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
دیگر امراض میں مفید
زہریلے اثرات دور کرنے کی خصوصیت کے ساتھ یہ پھل ان افراد کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے جو یرقان کا شکار ہو۔ اسی طرح یہ تھائی رائیڈ کو مناسب طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتا ہے، جسم کو ٹھنڈا کرنے، منہ میں لعاب دہن کو بڑھاتا ہے اور پیاس بجھانے کا کام بھی کرتا ہے۔یہ پھل پیشاب کے انفیکشنز کے لیے بھی مفید ہے اور خون کو صاف کرتا ہے۔
وائرس کش اور انسداد کینسر
سنگھاڑے پولی فینولک اور فلیونوئڈ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جو بیکٹریا اور وائرس کش ہونے کے ساتھ ساتھ کینسر کی روک تھام کا کام بھی کرتے ہیں ۔ معدے اور تلی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تلی میں آنے والی کمزوری کو بھی دور کرتے ہیں۔
حاملہ خواتین کے لئے بہترین
سنگھاڑے کے آٹے سے بنائے جانے والا دلیہ بچے کی پیدائش کے بعد ماں کے لئے بہت مفید ہے۔ یہ خواتین میں اسقاط حمل کے مسائل پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ سنگھاڑے کا دلیہ انتڑیوں کے لیے بھی بے پناہ مفید ہے ۔
صحت مند جلد اور بالوں کے لیے
سنگھاڑوں کے چھلکوں کے پائوڈر سے بنایا جانے والا پیسٹ جلد کے سوجے ہوئے حصوں پر ریلیف کے لیے لگایا جاسکتا ہے۔ اس کے پائوڈر کو لیموں کے عرق کے ساتھ مکس کرکے جلد پر لگانے کو معمول بنانے سے سوزش کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے غذائی فوائد صحت مند بالوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔
کھانے کی ا حتیاطی تدابیر
ان تمام تر فوائد کے برعکس کچھ احتیاطی تدابیر کو اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔وہ لوگ جو قبض کے شکار ہوں انہیں اس سے دور رہناچاہئے ۔اسے کھانے کے آدھے گھنٹے بعد تک پانی پینے سے گریز کرنا چاہئے۔ ذیابیطس کے مریض اس کی معتدل مقدار استعمال کریں۔