آج کا دن
اسپیشل فیچر
سکاٹ لینڈ ، سکول پر حملہ
13 مارچ 1996ء کوسکاٹ لینڈ کے قصبے ڈنبلین میں ایک سکول پر ایک مسلح شخص نے دھاوا بو ل دیا اور 3 منٹ میں 16 بچوں کو ہلاک کر دیا۔ان بچوں میں5 اور 6 سال کی عمر کے بچے شامل تھے۔اس قتل عام کے بعد اس شخص نے جب یہ دیکھا کہ اب وہ یہاں سے بچ کر نہیں نکل سکے گا تو پکڑے جانے کے خوف سے اس نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا۔
سب سے طویل ٹنل کا افتتاح
1988ء میں آج کے دن جاپان میں دنیا کی سب سے طویل ریلوے ٹنل (سرنگ )کا افتتاح کیا گیا۔ٹنل کا کچھ حصہ سمندر کے اندر سے بھی گزرتا ہے۔ اس ٹنل کی لمبائی 53.85کلومیٹر ہے جبکہ سمندر میں سے گزرنے والا حصہ23.3کلومیٹر پر مشتمل ہے۔یہ جاپان کے دوجزیروں کوآپس میں ملاتی ہے۔ اسے دنیا کی دوسری سب سے گہری ٹنل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
ترکی میں زلزلہ
1992ء میں آج کے دن ترکی کے مشرقی حصے میں 6.6شدت کا زلزلہ آیا جس میں498افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تقریباً 2ہزار افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک کروڑ 35لاکھ ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔ترکی کا شمالی حصہ ایک فالٹ لائن پر واقع ہے ،اس لئے یہاں زلزلے آنا معمول کی بات ہے۔ اسے ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس زلزلے کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد کا تعین آج تک نہیں کیا جا سکا۔
اردن : فضائی حادثہ
1979ء کو اردن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے فلائٹ600نے اڑان بھری۔ اس فلائٹ نے دو حہ قطر سے ہوتے ہوئے مسقط پہنچنا تھا۔اس جہاز نے معمول کے مطابق پرواز شروع کی لیکن تکنیکی خرابی پیدا کے باعث یہ اپنی منزل پر پہنچنے کی بجائے دوحہ ائیرپورٹ پر حادثے کا شکار ہو گیا۔ جہاز میںکل63افراد سوار تھے جن میں جہاز کا عملہ بھی شامل تھا ۔ اس حادثے میں 41افراد لقمۂ اجل بنے جبکہ6مسافر شدید زخمی حالت میں نکالے گئے۔