خلا میں ’دوسرا گھر‘ ایک نیا سیارہ جو زمین جیسا لگتا ہے
اسپیشل فیچر
انسان ہمیشہ سے اس سوال کا جواب تلاش کرتا رہا ہے کہ کیا ہم اس کائنات میں اکیلے ہیں؟ کیا ہماری زمین جیسی کوئی دوسری دنیا بھی ہے جہاں زندگی ممکن ہو؟ جدید دور کے خلائی مشنز اور طاقتور دوربینوں نے ہمیں اس سوال کے قریب پہنچا دیا ہے۔ حال ہی میں سائنسدانوں نے ایک ایسے سیارے کا پتہ لگایا ہے جو بہت زیادہ حد تک زمین سے ملتی ہوئی خصوصیات کا حامل ہے۔ اس دریافت نے فلکیات کے شعبے میں نئی امیدیں جگا دی ہیں۔
زمین جیسا سیارہ؟
سائنسدانوں نے دور دراز ستاروں کے ڈیٹاکا دوبارہ جائزہ لیا ہے اور ایک کم روشنی والے سگنل کی بنیاد پر ایک ممکنہ سیارے کی موجودگی کا اندازہ لگایا ہے۔ یہ سیارہ ایک ستارے کے گرد گردش کر رہا ہے جو ہمارے سورج جیسا دکھائی دیتا ہے۔ حیران کن طور پر یہ سیارہ زمین سے کچھ فیصد ہی بڑا ہے اور اس کا مدار بھی زمین کے مدار کے بہت قریب ہے ، یعنی اس کے سال کی لمبائی تقریباً ہماری طرح ہے۔ اس سیارے کی دوری تقریباً 146 نوری سال ہے، یعنی یہ ہمارے نظام شمسی سے بہت دور واقع ہے ،لیکن فلکیاتی پیمانے پر قریب ہی سمجھا جاتا ہے۔
کس طرح معلوم ہوا؟
یہ دریافت بظاہر پرانے دوربین ڈیٹا کے دوبارہ تجزیے سے سامنے آئی۔ ناسا کے کیپلر سپیس ٹیلی سکوپ نے ہزاروں ستاروں کا مسلسل مشاہدہ کیا اور ان کی روشنی میں وقتاً فوقتاً ہونے والی معمولی کمی کو نوٹ کیا۔ جب کسی ستارے کی روشنی میں بار بار معمولی کمی آتی ہے تو یہ ایک سیارے کے اس کے سامنے سے گزرنے کی علامت ہو سکتی ہے۔ اس طریقے کو ٹرانزٹ میتھڈ کہا جاتا ہے جو اَب تک کی موزوں ترین تکنیکوں میں سے ایک ہے۔ اس نئے سیارے کے معاملے میں اسی پرانے ڈیٹا کا دوبارہ تجزیہ کیا گیا تو اس سے اس نئے سیارے کی پہلی جھلک ملی۔ البتہ ابھی تک اسے مکمل طور پر تصدیق شدہ دریافت نہیں کہا جا سکتا کیونکہ مزید مشاہدات اور مطالعے کی ضرورت ہے۔
زمین جیسا سیارہ،کیوں یہ اہم ہے؟
سائنسدان سیاروں کو ' زمین جیسا‘ تب کہتے ہیں جب وہ زمین کے سائز، ستارے کے گرد مدار اور روشنی کی مقدار میں مماثلت رکھتے ہوں۔ اس نئے سیارے کی خصوصیات یہ ہیں کہ اس کا سائز تقریباً زمین جتنا یا تھوڑا بڑا ہے ۔ اس کا مدارزمین جیسا ہے جو ستارے کے گرد تقریباً ایک سال کی مدت میں گردش کرتا ہے۔ یہ ستارہ سورج کی طرح ہے ، اس کا مطلب یہ ہے کہ سیارے کو ملنے والی توانائی بھی زمین جیسی ہو سکتی ہے۔ یہ مماثلتیں سب سے اہم ہیں کیونکہ زمین پر زندگی کا قیام پانی، درجہ حرارت اور روشنی کے مناسب امتزاج پر منحصر ہے۔ اگر کوئی سیارہ صحیح مقدار میں روشنی اور توانائی حاصل کرتا ہے تو وہاں مائع پانی موجود ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور یہی زندگی کے لیے بنیادی شرط ہے۔
کیا یہ واقعی قابلِ حیات ہے؟
اس سوال کا جواب یہ ہے کہ ابھی تک معلوم نہیں۔ اگرچہ مدار، حجم اور ستارے کی نوعیت زمین جیسی ہے لیکن ماحول یا زندگی کے بارے میں ابھی کوئی براہِ راست معلومات نہیں ۔اس کے لیے سائنسدانوں کو یہ پتہ لگانا ضروری ہے کہ کیا وہاں کوئی مستقل ماحول ہے؟ صرف کسی سیارے کے وجود سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہاں گیسوں کا ماحول موجود ہے جو زندگی کو ممکن بنا سکے۔ درجہ حرارت کیا ہے؟ اگر سیارہ بہت ٹھنڈا یا بہت گرم ہو تو مائع پانی موجود رہنا ناممکن ہوگا۔ کئی دوسرے سیارے جیسے HD 137010 b بھی ممکنہ طور پر شدید سرد ہیں۔یہ بھی جاننا ہو گا کہ مذکورہ سیارے کی سطح پرپانی موجود ہے تو وہ مائع کے طور پر موجود ہے یا برف کی شکل میں۔اس سیارے پر زمین جیسے ماحول یا حیات کے شواہد حاصل کرنا بہت پیچیدہ مرحلہ ہے، اس کے لیے مستقبل کی طاقتور خلائی دوربینوں اور مشنز کی ضرورت ہوگی۔بہرکیف یہ نئی دریافت اپنے آپ میں بہت اہم ہے مگر گزشتہ برسوں میں سائنسدانوں نے متعدد ایسے سیاروں کی نشاندہی کی ہے جنہیں ''زمین نما‘‘ سمجھا جاتا ہے:
کیپلر 452 بی:سورج جیسے ستارے کے گرد گردش کرنے والا ایک بڑا سیارہ جو زمین کے مدار کے قریب ہے۔
جے جی 1002بی : 16 نوری سال دور ایک ممکنہ قابلِ حیات زمین جیسا سیارہ۔
وولف 1069 بی:جو اپنے ستارے کے مناسب فاصلے پر گردش کرتا ہے اور ممکنہ طور پر یہاں مائع پانی موجودہے۔
یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ کہکشاں میں زمین جیسے سیارے کثرت سے موجود ہو سکتے ہیں البتہ ان کی حیات یا قابلِ رہائش خصوصیات کا فیصلہ مزید تحقیق کے بغیر ممکن نہیں۔
سائنس اور مستقبل
ہر نئی دریافت ہمیں بتاتی ہے کہ کائنات بے پناہ وسیع ہے اور شاید اس میں بے شمار ایسے دنیائیں ہیں جو ہماری زمین سے میل کھاتی ہیں۔ اگر سائنسدان کسی سیارے پر بائیوسگنیچرز یعنی ایسی نشانیاں جو حیاتیاتی عمل کی طرف اشارہ کریں ، دریافت کر لیں تو یہ کہیں زیادہ اہم ہوگا۔ موجودہ دور میں ہم جس سطح پر ہیں وہاں زمین ایسے دیگر سیاروں پر زندگی کی موجودگی یا عدمِ موجودگی کے بارے میں یقینی طور پر کچھ کہنابہت مشکل ہے۔ پھر بھی ہر نئی دریافت ہمارے سوالات کے دائرے کو وسیع کر دیتی ہے اور ہمیں حیران کر دیتی ہے کہ شاید ایک دن ہم واقعی ''دوسری زمین‘‘تلاش بھی کر لیں۔