انسانی دماغ اور مصنوعی ذہانت
اسپیشل فیچر
حیران کن مماثلت اور نئے سوالات
گزشتہ چند برسوں میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) خصوصاً لینگویج ماڈلز نے انسانی سوچ، زبان اور فہم کے بارے میں ہمارے روایتی تصورات کو چیلنج کیا ہے۔ ابتدا میں یہ خیال عام تھا کہ کمپیوٹر اور انسانی دماغ کے درمیان کوئی گہری مماثلت ممکن نہیں مگر حالیہ سائنسی تحقیقات نے اس تصور کو بدلنا شروع کر دیا ہے۔ بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم کی تازہ تحقیق جو ' Nature Communications‘میں شائع ہوئی ہے، اس کی نشاندہی کرتی ہے کہ انسانی دماغ زبان کو سمجھنے کے عمل میں حیرت انگیز طور پر ویسے ہی کام کرتا ہے جیسے جدید مصنوعی ذہانت کے زبان پر مبنی ماڈلز، مثلاً GPT اور LLaMA۔
یہ تحقیق بنیادی طور پر اس سوال کا جواب تلاش کرتی ہے کہ انسان بولی گئی زبان کو کس طرح سمجھتا ہے۔ کیا دماغ الفاظ کے معنی کو فوراً مکمل طور پر سمجھ لیتا ہے یا یہ عمل بتدریج انجام پاتا ہے؟ اس مقصد کے لیے سائنسدانوں نے چند رضاکاروں کے دماغی سگنلز کا مشاہدہ کیا جب وہ تقریباً تیس منٹ پر مشتمل ایک کہانی سن رہے تھے۔تحقیق میں الیکٹروکارٹیکوگرافی (ECoG) نامی جدید طریقہ استعمال کیا گیا جس کے ذریعے دماغ کی سطح پر پیدا ہونے والی برقی سرگرمی کو انتہائی باریکی سے ریکارڈ کیا جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی نے محققین کو یہ جاننے کا موقع دیا کہ دماغ زبان کے مختلف مراحل پر کس طرح ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
لفظ سے معنی تک
اس تحقیق کا سب سے اہم نتیجہ یہ تھا کہ انسانی دماغ زبان کو ایک ہی لمحے میں مکمل طور پر نہیں سمجھتا بلکہ یہ عمل مرحلہ وار ہوتا ہے۔ سب سے پہلے دماغ آوازوں اور الفاظ کی بنیادی ساخت پر توجہ دیتا ہے۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ ان الفاظ کو جملوں کے سیاق و سباق میں جوڑ کر معنی اخذ کیے جاتے ہیں۔یہی وہ نکتہ ہے جہاں انسانی دماغ اور مصنوعی ذہانت کے درمیان مماثلت نمایاں ہوتی ہے۔ جدید AI لینگویج ماڈلز بھی متن یا گفتگو کو تہہ در تہہ پراسیس کرتے ہیں۔ ابتدائی تہیں الفاظ اور ساخت کو دیکھتی ہیں جبکہ بعد کی تہیں مفہوم، سیاق اور معنوی ربط کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہیں۔
دماغی حصے اور AI کی تہیں
تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ دماغ کے مختلف حصے زبان کے مختلف پہلوؤں کو سنبھالتے ہیں۔ مثال کے طور پر بروکا ایریا جیسے حصے جو زبان کی تیاری اور فہم سے وابستہ ہیں اس وقت زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں جب جملے کا گہرا مطلب سامنے آتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی کردار AI ماڈلز کی آخری تہیں ادا کرتی ہیں جہاں محض الفاظ نہیں بلکہ پورے خیال اور مفہوم کو سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ دماغ کے حیاتیاتی نیورونز اور AI کے مصنوعی نیورل نیٹ ورکس دونوں کا طرزِ عمل حیرت انگیز طور پر ایک دوسرے سے ملتا جلتا ہے۔
روایتی نظریات کو چیلنج
یہ نتائج لسانیات اور دماغی سائنس کے کئی روایتی نظریات کے لیے ایک چیلنج ہیں۔ ماضی میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ زبان کے لیے دماغ میں سخت اور واضح قواعد پر مبنی نظام موجود ہے جہاں ہر لفظ اور جملہ ایک طے شدہ اصول کے تحت سمجھا جاتا ہے۔ مگر نئی تحقیق اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ زبان کی فہم ایک لچکدار عمل ہے جو سیاق و سباق، تجربے اور تسلسل پر منحصر ہے۔یہی طریقہ کار مصنوعی ذہانت میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں ماڈلز کسی جامد لغت یا قواعد کے بجائے بڑی مقدار میں ڈیٹا سے سیکھ کر معنی اخذ کرتے ہیں۔
انسان اور مشین ، فرق کے باوجود مماثلت
اگرچہ یہ کہنا درست نہیں کہ انسانی دماغ اور AI ایک جیسے ہیں۔ دماغ ایک حیاتیاتی نظام ہے جس میں احساسات، شعور اور جذبات شامل ہیں جبکہ AI محض ریاضیاتی ماڈلز اور الگورتھمز پر مشتمل ہے۔ تاہم یہ تحقیق ثابت کرتی ہے کہ دونوں میں فنکشنل سطح پر کئی مماثلتیں پائی جاتی ہیں خاص طور پر زبان کے حوالے سے۔یہ مماثلتیں اس بات کا عندیہ دیتی ہیں کہ شاید انسانی فہم اور ذہانت کے کچھ بنیادی اصول ایسے ہیں جو چاہے حیاتیاتی نظام میں ہوں یا مصنوعی، دونوں میں یکساں طور پر کارفرما رہتے ہیں۔
مستقبل کے امکانات
اس تحقیق کے اثرات نہ صرف مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے اہم ہیں بلکہ یہ انسانی دماغ کو سمجھنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر AI ماڈلز واقعی انسانی دماغ کے عمل کی عکاسی کرتے ہیں تو مستقبل میں انہیں دماغی بیماریوں، زبان کی خرابیوں اور یادداشت کے مسائل کو سمجھنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔مزید یہ کہ محققین نے اس تحقیق کا ڈیٹا اوپن سورس کر دیا ہے تاکہ دنیا بھر کے سائنسدان اس پر مزید کام کر سکیں۔ یہ قدم علم کے اشتراک اور سائنسی ترقی کی ایک عمدہ مثال ہے۔یہ تحقیق اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ انسانی دماغ اور مصنوعی ذہانت کے درمیان تعلق محض ایک تصور نہیں بلکہ ایک سائنسی حقیقت بنتا جا رہا ہے۔ زبان، جو انسان کی شناخت کا بنیادی عنصر ہے، اس میدان میں دونوں کے درمیان سب سے مضبوط پل ثابت ہو رہی ہے۔ آنے والے برسوں میں یہ تحقیق نہ صرف AI کو مزید انسانی بنانے میں مدد دے گی بلکہ ہمیں خود اپنے دماغ کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔