جدید ٹیکنالوجی کا کمال دنیا کا مضبوط ترین سوٹ کیس متعارف
اسپیشل فیچر
یہ بیگ ''الٹرا میٹرکس‘‘ نامی مادے سے تیار کیا گیا ہے
جدید دور میں سفر محض ایک ضرورت نہیں بلکہ طرزِ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے، تاہم مسافروں کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ آج بھی خراب، ٹوٹے پھوٹے یا ضائع ہونے والے سامان کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ آئے روز ایئرپورٹس پر مسافر اپنے نقصان زدہ سوٹ کیس دیکھ کر شکوہ کرتے نظر آتے ہیں، جس سے نہ صرف مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ سفر کی خوشی بھی ماند پڑ جاتی ہے۔ ایسے میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے کہ معروف کمپنی ''ماؤس‘‘ (Mous) نے ایک ایسا سوٹ کیس متعارف کرایا ہے جو انتہائی سخت حالات میں بھی محفوظ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
''ماؤس‘‘ کا متعارف کرایا گیا سوٹ کیس سفر کے سخت ترین حالات میں برسوں تک قائم رہنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ جدید طرز کا سخت خول والا بیگ ''الٹرا میٹرکس‘‘ (UltraMatrix) نامی خاص مادے سے تیار کیا گیا ہے، جو ایک مضبوط پولی پروپلین کمپوزٹ ہے اور اصل میں ہوابازی کے شعبے کیلئے تیار کیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق، پولی پروپلین کے ریشوں کو غیر معمولی مضبوطی کیلئے کھینچ کر سیدھا کیا جاتا ہے، پھر انہیں بُن کر اور حرارت کے ذریعے جوڑ کر ایک واحد کمپوزٹ شیٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ اس میں نہ کوئی گوند استعمال ہوتی ہے، نہ ریزن اور نہ ہی کوئی کمزور جوڑ ہوتا ہے۔
یہ مضبوط ڈھانچہ دباؤ پڑنے پر ٹوٹنے کے بجائے لچک اختیار کرتا ہے، ضرب کی توانائی کو پھیلا دیتا ہے اور دوبارہ اپنی اصل شکل میں آ جاتا ہے۔
یہ انتہائی درجہ حرارت میں بھی مضبوط رہتا ہے، سردی میں ٹوٹنے سے محفوظ اور گرمی میں نرم ہونے سے مزاحمت رکھتا ہے۔ اس سوٹ کیس کو آخری درجے کے امتحان سے گزارنے کیلئے ماؤس نے اسے ہوائی جہاز کی کھڑکی سے باہر پھینکا اور حیران کن طور پر یہ صرف چند خراشوں کے ساتھ محفوظ رہا۔
ماؤس کمپنی عام طور پر اپنے مضبوط فون کیسز کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے، تاہم حالیہ عرصے میں کمپنی نے بیگز اور سامانِ سفر کے شعبے میں بھی قدم رکھا ہے۔ پہلے بیک پیکس کی ایک رینج متعارف کرائی گئی اور اب سخت خول والا سوٹ کیس پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق، زیادہ تر ہارڈ شیل سوٹ کیس ایک ہی انداز میں ناکام ہو جاتے ہیں۔ موٹے اور بھاری خول جو چند بار گرنے کے بعد پھٹ جاتے ہیں، ہلتے ڈولتے ہینڈلز، شور مچانے والے پہیے اور ایسے زِپ جو دباؤ برداشت نہیں کر پاتے۔
ماؤس کا کہنا ہے کہ سفر ویسے ہی ایک مشکل عمل ہے، ایسے میں یہ مناسب نہیں کہ سوٹ کیس بھی ساتھ چھوڑ دے۔ اسی لیے کمپنی نے ہائی پرفارمنس فون کیسز اور دیگر سازوسامان کی تیاری سے حاصل ہونے والا تمام تجربہ استعمال کرتے ہوئے ایک ایسا سوٹ کیس تیار کیا ہے جو مایوس نہ کرے۔ الٹرا میٹرکس خول نہ صرف انتہائی مضبوط ہے بلکہ حیرت انگیز طور پر ہلکا بھی ہے۔ درحقیقت پورے سوٹ کیس کا وزن صرف چھ پاؤنڈ (تقریباً 2.8 کلوگرام) ہے۔
اکثر مسافر جانتے ہیں کہ سوٹ کیس کے مرکزی جسم کے علاوہ پہیے اور ہینڈلز سب سے پہلے خراب ہوتے ہیں۔ اسی مسئلے سے بچنے کیلئے ماؤس نے اپنے سوٹ کیس میں اعلیٰ معیار کے ہینوموٹو پہیے اور 46 حصوں پر مشتمل مضبوط ٹیلی اسکوپک ہینڈل استعمال کیا ہے، جو کم شور، کم ہلچل اور ہموار چلنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
''ماؤس ‘‘کو اپنے اس سوٹ کیس کی مضبوطی پر اس قدر اعتماد ہے کہ کمپنی ابتدائی خریداروں کو تاحیات وارنٹی فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر سوٹ کیس اس وقت کوڑے دان میں چلے جاتے ہیں جب ان کا کوئی پہیہ یا ہینڈل ٹوٹ جاتا ہے، لیکن ہمارا سوٹ کیس ایسا نہیں ہوگا۔ اہم حصے جیسے پہیے، ہینڈل، لاک اور بیج گھر پر ہی ایک سادہ پیچ کس کی مدد سے بدلے جا سکتے ہیں۔ دیگر بیشتر مسائل کیلئے کمپنی کی محدود تاحیات وارنٹی 25 سال تک مرمت یا تبدیلی کی سہولت فراہم کرے گی۔ ماؤس کا ہارڈ شیل کیبن سوٹ کیس اس وقت پری آرڈر کیلئے دستیاب ہے، جس کی قیمت 319.99 پائونڈ مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس کی ترسیل مئی 2026ء میں متوقع ہے۔
یہ جدید سوٹ کیس اپنی مضبوطی، پائیداری اور انقلابی ڈیزائن کے باعث عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے، حتیٰ کہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ہوائی جہاز سے باہر پھینکے جانے کے باوجود بھی نقصان سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ یہ پیش رفت نہ صرف سفر کے تجربے کو محفوظ بنانے کی جانب اہم قدم ہے بلکہ سامان کی تیاری کے شعبے میں ایک نئی سوچ اور جدت کی عکاس بھی ہے۔