مصنوعی ذہانت کے بنائے گئے چہرے
اسپیشل فیچر
حقیقت اور فریب کے درمیان باریک لکیر
مصنوعی ذہانت کی ترقی نے جہاں زندگی کے بے شمار شعبوں میں سہولتیں پیدا کی ہیں وہیں اس نے نئے اور پیچیدہ چیلنجز کو بھی جنم دیا ہے۔ خاص طور پر اے آئی کے ذریعے تیار کردہ انسانی چہرے اب اس قدر حقیقت سے قریب ہو چکے ہیں کہ عام آدمی کے لیے اصلی اور نقلی میں فرق کرنا نہایت مشکل ہو گیا ہے۔برطانوی ماہرین کی ایک ٹیم کی حالیہ سائنسی تحقیق کے مطابق یہ مصنوعی چہرے نہ صرف عام افراد کو دھوکہ دے رہے ہیں بلکہ چہرے پہچاننے کے ماہرین بھی اکثر انہیں اصلی سمجھ بیٹھتے ہیں۔یہ تحقیق جس پر ScienceAlert نے تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے، اس بات کو واضح کرتی ہے کہ جدید اے آئی ماڈلز، بالخصوصStyleGAN جیسے سسٹمزانسانی چہروں کی ایسی تصاویر تیار کر رہے ہیں جو دیکھنے میں بالکل حقیقی محسوس ہوتی ہیں۔ جلد کی بناوٹ، آنکھوں کی چمک، بالوں کی ترتیب اور چہرے کے تاثرات اس قدر قدرتی ہوتے ہیں کہ انسانی دماغ انہیں بلا تامل اصل تسلیم کر لیتا ہے۔تحقیق میں شامل نتائج چونکا دینے والے ہیں۔ عام افراد، جنہیں چہرے پہچاننے کی معمول کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے، اے آئی سے بنائے گئے چہروں کو صرف 31 فیصد مواقع پر ہی درست طور پر شناخت کر سکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ شرح محض اندازے سے بھی کم ہے کیونکہ اگر کوئی شخص محض قیاس آرائی کرے تو اس کے درست ہونے کے امکانات 50 فیصد ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اے آئی کے بنائے گئے چہرے انسانی ذہن کو اس حد تک قائل کر لیتے ہیں کہ وہ حقیقت کے برعکس فیصلہ کر بیٹھتا ہے۔مزید حیران کن پہلو یہ ہے کہ وہ افراد جو ''سپر ریکگنائزرز‘‘ کہلاتے ہیں یعنی جو چہروں کو پہچاننے میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں وہ بھی اس فریب سے مکمل طور پر محفوظ نہیں رہے۔ تحقیق کے مطابق یہ ماہرین بھی بغیر کسی تربیت کے صرف 41 فیصد مواقع پر ہی جعلی چہروں کو پہچان سکے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مسئلہ محض عام آگاہی یا ذہانت کا نہیں بلکہ خود ٹیکنالوجی کی غیر معمولی حقیقت پسندی کا ہے۔تاہم اس تحقیق کا سب سے اہم اور امید افزا پہلو یہ ہے کہ صرف پانچ منٹ کی مختصر تربیت افراد کی کارکردگی کو بہتر بنا سکتی ہے۔ محققین نے شرکاکو اے آئی تصاویر میں پائی جانے والی عام خامیوں اور نشانیوں سے آگاہ کیا جیسے غیر فطری بالوں کی لکیر، دانتوں کی غیر متوازن ساخت، کانوں کے زیورات کا غیر منطقی ہونا، یا جلد کی عجیب سی ہمواری۔ اس مختصر تربیت کے بعد عام افراد کی درست شناخت کی شرح 51 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ سپر ریکگنائزرز کی کارکردگی نمایاں طور پر بہتر ہو کر 64 فیصد تک جا پہنچی۔
اگرچہ 51 فیصد کوئی غیر معمولی بات نہیں مگر یہ اس بات کا ثبوت ضرور ہے کہ انسانی آنکھ اور دماغ کو مناسب رہنمائی کی جائے تو وہ مصنوعی ذہانے کے فریب کو کسی حد تک پہچاننے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ یہ نتائج اس خیال کو تقویت دیتے ہیں کہ ڈیجیٹل دور میں محض ٹیکنالوجی پر انحصار کافی نہیں بلکہ انسانی تربیت اور آگاہی بھی ناگزیر ہے۔اس مسئلے کی سنگینی اس وقت اور بڑھ جاتی ہے جب ہم اس کے عملی اثرات پر نظر ڈالتے ہیں۔ اے آئی سے بنائے گئے چہرے آج کل جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، آن لائن فراڈ، ڈیپ فیک سکینڈلز اور شناختی جرائم میں عام استعمال ہو رہے ہیں۔ ایک ایسا چہرہ جو حقیقت میں کسی انسان کا وجود ہی نہیں رکھتا، اعتماد حاصل کر کے لوگوں کو مالی، سماجی اور نفسیاتی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ صحافت، سیاست اور قومی سلامتی جیسے حساس شعبے بھی اس ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق مستقبل میں اے آئی سے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز مزید حقیقت پسندانہ ہوتی جائیں گی جس کے باعث محض انسانی مشاہدہ کافی نہیں رہے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ انسانی تربیت کو خود اے آئی پر مبنی ڈیٹیکشن ٹولز کے ساتھ جوڑا جائے۔ یعنی اے آئی کو ہی اے آئی کے فریب کو بے نقاب کرنے کے لیے استعمال کیا جائے، جبکہ انسان کو بنیادی نشانیوں اور تنقیدی سوچ سے لیس کیا جائے۔تحقیق میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ تربیت کے فوری اثرات تو مثبت ہیں مگر یہ واضح نہیں کہ یہ بہتری طویل مدت تک برقرار رہتی ہے یا نہیں۔ اس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ کیا مستقل آگاہی پروگرامز، تعلیمی نصاب اور پیشہ ورانہ تربیت اس خلا کو پُر کر سکتی ہے؟ خاص طور پر صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے وابستہ افراد کے لیے یہ مہارت ناگزیر بنتی جا رہی ہے۔
مصنوعی ذہانت کے بنائے گئے چہرے ہماری آنکھوں اور دماغ کے لیے ایک نیا امتحان ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی نہ مکمل طور پر خیر ہے اور نہ ہی مکمل طور پر شر، بلکہ اس کا دارومدار اس بات پر ہے کہ ہم اسے کس طرح سمجھتے اور استعمال کرتے ہیں۔ پانچ منٹ کی تربیت اگر ہماری آنکھیں کچھ حد تک کھول سکتی ہے، تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ علم، آگاہی اور تنقیدی سوچ ہی اس ڈیجیٹل فریب کے مقابلے میں ہماری اصل طاقت ہیں۔