آج کا دن
اسپیشل فیچر
نکسن کا تاریخی دورہ چین
1972ء میں امریکہ کے صدر رچرڈ نکسن نے عوامی جمہوریہ چین کا ایک تاریخی دورہ کیا۔ جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا تھا۔ یہ دورہ سرد جنگ کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتا تھا کیونکہ اس سے پہلے امریکہ اور چین کے تعلقات کشیدہ اور تقریباً منقطع تھے۔ اس پیش رفت نے عالمی سیاست میں ایک نئی جہت پیدا کی، طاقت کے توازن کو متاثر کیا اور بعد ازاں سفارتی و تجارتی روابط کی بحالی کی راہ ہموار کی۔
مصر کی آزادی
1922ء میں مصر نے برطانیہ سے آزادی حاصل کی۔سولہویں صدی سے بیسویں صدی کے آغاز تک مصر پر بیرونی طاقتوں نے ہی حکمرانی کی۔ پہلے سلطنت عثمانیہ اور اس کے بات برطانیہ نے مصر کو اپنی حکومت کا حصہ بنایا۔ مصر کو برطانیہ سے آزادی ملی لیکن آزادی کے فوراً بعد وہاں بادشاہت قائم ہو گئی اور برطانوی فوج کا غلبہ برقرار رہا۔ 1952ء میں مصر میں انقلاب آیا اور مصر کے لوگوں نے برطانوی فوج اور افسروں کو اپنے ملک سے نکلنے پر مجبور کر دیا اوراس طرح مصر نے مکمل آزادی حاصل کی۔
کیوبا:کاروبارحکومتی تحویل میں
1960ء میں کیوبا کے صدر فیڈل کاسترونے تمام کاروبار حکومتی تحویل میں لے لیے۔ کاسترو نے تقریباً 50 سال کیوبا پر حکمرانی کی۔ فیڈل کاسترو 1959ء سے 1976ء تک کیوبا کے وزیر اعظم رہے اور 1976ء سے 2008ء تک ملک کے صدر رہے۔ 2006ء میں طبیعت کی خرابی پر سیاست سے دور ہو گئے اور 2008ء میں تمام معاملات اپنے بھائی راوّل کاسترو کے حوالے کر دیئے۔ فیڈل کاسترو کے دور میں کیوبا اور امریکا کے تعلقات بہت کشیدہ رہے۔ کیوباکے تمام کاروبار کو حکومتی تحویل میں لینے پر فیڈل کاسترو پر بھی بہت تنقید ہوئی لیکن انہوں نے اس کو اپنے ملک کا اندرونی معاملہ کہتے ہوئے اسے ملکی مفاد میں قرار دیا۔
مسافر جہاز پر اسرائیلی حملہ
لیبیا عرب ائیر لائنر کی پرواز 114 طرابلس سے قاہرہ کیلئے ایک طے شدہ پرواز تھی جسے 21 فروری 1973ء میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حملہ کر کے گرا دیا۔ بن غازی سے پرواز بھرنے کے بعد خراب موسم اور آلات کی خرابی کی وجہ سے جہاز اپنے راستے سے بھٹک گیا۔ راستہ بھٹکنے کی وجہ سے یہ اسرائیل کے زیر کنٹرول فضائی حدود میں داخل ہو اجہاں اسرائیلی جہازوں نے اس پر حملہ کر دیا۔ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد108تھی۔
واشنگٹن یادگار مکمل ہوئی
1885ء میں یادگار واشنگٹن کو مکمل کیا گیا۔ 169 اعشاریہ 3 میٹر طویل یہ دنیا کی بلند ترین یادگار ہے۔یہ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں واقع ہے ۔اسے امریکہ کے بانی جارج واشنگٹن کی یاد میں تعمیر کیا گیا۔ اگرچہ واشنگٹن یادگار نیو یارک میں پائی جانے والی عمارتوں کے مقابلے میں چھوٹی سی معلوم ہوتی ہے لیکن قانونی لحاظ سے یہ اب بھی ڈی سی کی سب سے اونچی عمارت ہے۔