انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے

انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے

اسپیشل فیچر

تحریر : محمد حسن


ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والا دن

ہر سال 9 ستمبر کو دنیا بھر میں انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے (International Sudoku Day) منایا جاتا ہے۔ یہ دن دنیا کے مقبول ترین ذہنی کھیلوں میں شمار ہونے والے سوڈوکو کی اہمیت، مقبولیت اور ذہنی سرگرمی کے طور پر اس کے کردار کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سوڈوکو بظاہر اعداد کاایک سادہ سا کھیل ہے لیکن اسے حل کرنے کے لیے توجہ، منطقی سوچ، صبر اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت درکار ہوتی ہے۔انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے کا انتخاب بھی دلچسپ وجہ سے کیا گیا۔ روایتی سوڈوکو 9×9 خانوں پر مشتمل ہوتا ہے اس لیے 9 ستمبر یعنی 9؍9 اس کھیل کے لیے ایک علامتی تاریخ بن جاتی ہے۔ ورلڈ پزل فیڈریشن نے 2013ء میں 9 ستمبر کو انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے کے طور پر مقرر کیا تھا۔
سوڈوکو کیا ہے؟
سوڈوکو ایک منطق پر مبنی عداد کا کھیل ہے جس میں 9×9 کا گرڈ ہوتا ہے۔ یہ گرڈ مزید نو چھوٹے 3×3 خانوں میں تقسیم ہوتا ہے۔ کھلاڑی کو ایک سے 9 تک کے اعداد اس طرح رکھنے ہوتے ہیں کہ ہر قطار، ہر کالم اور ہر 3×3 خانے میں کوئی عدد دوبارہ نہ آئے۔ کچھ اعداد پہلے سے درج ہوتے ہیں اور انہی اشاروں کی مدد سے باقی خانے مکمل کیے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سوڈوکو کو حل کرنے کے لیے ریاضی کے پیچیدہ فارمولوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اصل ضرورت منطق اور مشاہدے کی ہوتی ہے۔ یہی خصوصیت اسے بچوں، نوجوانوں اور بڑوں سب کے لیے قابلِ رسائی بناتی ہے۔
سوڈوکو کی تاریخ
اگرچہ سوڈوکو کی موجودہ شکل نسبتاً جدید ہے لیکن اس کے بنیادی تصورات کا تعلق عداد پر مبنی پرانے کھیلوں سے ملتا ہے۔ 19ویں صدی کے آخر میں فرانس کے اخبارات میں ایسے معمے شائع ہوتے تھے جن میں موجودہ سوڈوکو سے کچھ مماثلت پائی جاتی تھی۔جدید سوڈوکو کے قریب ترین معمے کو Howard Garnsنے 1979ء میں Number Placeکے نام سے تخلیق کیا۔ بعد میں یہ جاپان پہنچا جہاں اسےSudoku کا نام دیا گیا۔ جاپانی پزل پبلشر اور سوڈوکو کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والےMaki Kaji نے اس کھیل کو جاپان میں مقبول بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔1990ء کی دہائی کے آخر اور 2000ء کی دہائی کے آغاز میں سوڈوکو نے برطانیہ سمیت مغربی دنیا میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ اخبارات نے اسے روزانہ شائع کرنا شروع کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ ایک عالمی سطح پر معروف ذہنی کھیل بن گیا۔
انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے کی اہمیت
اس دن کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ لوگوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ ذہنی سرگرمی میں حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔ آج کے دور میں جب موبائل فون، سوشل میڈیا اور مختصر ویڈیوز نے ہماری روزمرہ زندگی کا بڑا حصہ لے لیا ہے، سوڈوکو جیسی سرگرمی انسان کو کچھ دیر کے لیے پرسکون انداز میں سوچنے اور توجہ مرکوز کرنے کا موقع دیتی ہے۔سوڈوکو حل کرتے ہوئے کھلاڑی کو ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا پڑتا ہے۔ ایک غلط عدد کئی دوسرے خانوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس لیے یہ کھیل انسان کو جلد بازی کے بجائے غور و فکر اور صبر سے کام لینے کی عادت ڈالتا ہے۔یہ بچوں کے لیے بھی مفید سرگرمی ہو سکتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے وہ منطقی انداز میں مسائل کو حل کرنے، امکانات کا جائزہ لینے اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی مشق کرتے ہیں۔ بالغ افراد بھی اسے اپنے فارغ وقت میں ایک دلچسپ ذہنی مشق کے طور پر اختیار کرتے ہیں۔
سوڈوکو صرف اعداد کا کھیل نہیں
بہت سے لوگ سوڈوکو کو ریاضی کا کھیل سمجھتے ہیں لیکن حقیقت میں اسے حل کرنے کے لیے اعلیٰ درجے کی ریاضی ضروری نہیں۔ اس کا اصل تعلق منطق سے ہے۔مثلاً اگر کسی قطار میں ایک سے 9 تک آٹھ اعداد موجود ہوں تو کھلاڑی آسانی سے معلوم کر سکتا ہے کہ خالی خانے میں کون سا عدد ہونا چاہیے۔ مشکل پہیلیوں میں یہی عمل متعدد قطاروں، کالموں اور 3×3 خانوں کے درمیان تعلق کو سمجھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔اس طرح سوڈوکو توجہ، یادداشت، مشاہدے اور مسئلہ حل کرنے کی ذہنی مشق فراہم کرتا ہے۔
انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے کیسے منایا جاتا ہے؟
سوڈوکو ڈے منانے کے لیے کسی بڑی تقریب یا خاص انتظام کی ضرورت نہیں، اس دن کو انتہائی سادہ انداز میں بھی منایا جا سکتا ہے۔ سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ایک سوڈوکو پزل حل کیا جائے۔ سکولوں میں سوڈوکو مقابلے بھی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ طلبہ کو مختلف سطح کے پزل دیے جا سکتے ہیں۔ اس سے بچوں میں منطقی سوچ اور مسائل حل کرنے کا شوق پیدا ہو گا ۔گھروں میں والدین اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر سوڈوکو حل کر سکتے ہیں۔ یہ خاندان کے افراد کو ایک مشترکہ ذہنی سرگرمی میں شامل کرنے کا اچھا طریقہ ہے۔آج سوڈوکو صرف اخبارات اور کتابوں تک محدود نہیں رہا، موبائل فون اور کمپیوٹر پر بے شمار سوڈوکو ایپس اور آن لائن پلیٹ فارم دستیاب ہیں جہاں آسان سے لے کر انتہائی مشکل پزل تک حل کیے جا سکتے ہیں۔انٹرنیشنل سوڈوکو ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تفریح ہمیشہ سکرین، ویڈیو یا گیمز تک محدود نہیں ہوتی۔ ایک کاغذ پر بنے 81 خانے بھی انسان کو گھنٹوں مصروف رکھ سکتے ہیں اور اسے سوچنے، غور کرنے اور مسئلہ حل کرنے کا موقع دے سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
’’جہنم کا دہانہ‘‘ بیدار؟

’’جہنم کا دہانہ‘‘ بیدار؟

خطرناک آتش فشاں کے نیچے میگما جمع ہونے لگازمین کے سینے میں چھپی آتش فشانی طاقت جب حرکت میں آتی ہے تو اس کے اثرات پورے خطے کو ہلا کر رکھ سکتے ہیں۔ بظاہر خاموش دکھائی دینے والے آتش فشاں بھی اندر ہی اندر تباہ کن قوت جمع کرتے رہتے ہیں، جو کسی بھی وقت لاوے، راکھ اور زہریلی گیسوں کی صورت میں باہر نکل سکتی ہے۔ سائنسدانوں نے اب ''جہنم کا دہانہ‘‘ کہلانے والے خطرناک آتش فشاں کے حوالے سے تشویش ظاہر کی ہے، جہاں زمین کی گہرائی میں پگھلی ہوئی چٹانوں، یعنی میگما، کے جمع ہونے کے آثار سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کی یہ تنبیہ ایک بار پھر اس حقیقت کی یاد دہانی کراتی ہے کہ قدرت کی بعض خاموش قوتیں بیدار ہونے پر انسانی آبادیوں اور ماحول کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ ''جہنم کا دہانہ‘‘ کہلانے والا آتش فشاں دوبارہ بیدار ہو سکتا ہے۔محققین نے فعال آتش فشاں ماسایا کے نیچے میگما کے دو ایسے ذخائر کے بھرنے کے شواہد دریافت کیے ہیں، جن میں پگھلی ہوئی چٹانیں جمع ہو رہی ہیں۔ یہ آتش فشاں نکاراگوا کے دارالحکومت مناگوا سے محض 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں تقریباً 20 لاکھ افراد آباد ہیں۔دوسری جانب، ہر سال ہزاروں سیاح اس آتش فشاں کے خوف ناک نام کی وجہ بننے والے لاوے سے بھرے سانتیاگو دہانے کو دیکھنے کیلئے یہاں آتے ہیں۔آتش فشاں پھٹنے کا خطرہ مسلسل تشویش کا باعث بنا رہتا ہے اور ایک نئی تحقیق میں زمین کے نیچے چھپی سرگرمی کے پریشان کن آثار سامنے آئے ہیں۔ اگرچہ تحقیق میں کسی فوری خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی، تاہم اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ''جہنم کے دہانے‘‘ کے اندر میگما کی نقل و حرکت کا نظام پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ میگما کی زیر زمین سرنگوں اور ذخائر پر مشتمل اس نظام کو سمجھنا ان تبدیلیوں کی نشاندہی کیلئے انتہائی اہم ہے جو آتش فشاں کے ممکنہ طور پر پھٹنے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور امریکی ریاست پنسلوانیا کی پین اسٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ لیزی جانسن نے کہا کہ ماسایا آتش فشاں کی سرگرمیوں اور ان سے وابستہ خطرات کو مکمل طور پر سمجھنا انتہائی اہم ہے۔''جہنم کا دہانہ‘‘ ایک غیر معمولی طور پر پیچیدہ آتش فشاں ہے، جو ایک دوسرے کے اندر واقع کئی دہانوں اور زمین میں بننے والے گڑھوں پر مشتمل ہے۔ یہ گڑھے میگما کے زیر زمین ذخائر خالی ہونے کے نتیجے میں وجود میں آئے ہیں۔ اس پیچیدہ ساخت کے باعث زمین کی سطح کے نیچے موجود سرنگوں اور میگما کے ذخائر کے باہمی نظام کو ابھی تک پوری طرح نہیں سمجھا جا سکا۔ یہی وجہ ہے کہ ان معمولی تبدیلیوں کی نشاندہی کرنا مشکل ہو جاتا ہے جو آتش فشاں پھٹنے کے قریب ہونے کا اشارہ دے سکتی ہیں۔ شہر کے اتنے قریب واقع سیاحتی مقام کیلئے یہ صورت حال سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔محترمہ جانسن کا کہنا ہے کہ اگرچہ ماسایا آتش فشاں سے آخری مرتبہ 1772ء میں لاوے کا ایک بڑا بہاؤ خارج ہوا تھا، تاہم اس سے مسلسل خارج ہونے والی گیسوں کے باعث آتش فشانی گیس سلفر ڈائی آکسائیڈ کی خطرناک حد تک زیادہ مقدار اکثر پیدا ہوتی رہتی ہے۔گزشتہ 50 برسوں کے دوران اس آتش فشاں میں کئی دھماکے بھی ہو چکے ہیں۔ اگرچہ اب تک ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم محققین کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ تحقیق کاروں نے اپنے نئے مقالے میں یورپی خلائی ایجنسی کے ''سینٹینل1‘‘ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے جیو فزیکل ریسرچ لیٹرز میں شائع ہوئی ہے۔یہ سیٹلائٹ ہر 12 دن بعد اس علاقے کے اوپر سے گزرتا ہے اور زمین کی سطح کے اتار چڑھاؤ کی تفصیلی تصاویر جمع کرتا ہے۔ ان تصاویر کے ذریعے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ زمین کے نیچے میگما کی نقل و حرکت کے باعث سطح زمین کس طرح بلند یا پست ہو رہی ہے۔محترمہ جانسن کے مطابق ''جب زمین کی سطح نیچے بیٹھتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ آتش فشاں کے اندر سے میگما خارج ہو کر کسی دوسری جانب منتقل ہو رہا ہے، لیکن جب زمین دوبارہ بلند ہونے لگے تو اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ نیا میگما اندر داخل ہو رہا ہے‘‘۔ تحقیق کاروں نے 2018ء سے 2022ء کے وسط تک مشاہدہ کیا کہ مشہور سانتیاگو دہانے کے عین شمال میں واقع ماسایا کے مرکزی میگما ذخیرے کے اردگرد زمین کی سطح تقریباً 1.2 انچ (3 سینٹی میٹر) نیچے بیٹھ گئی تھی۔اس تبدیلی سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیر زمین موجود ذخیرے سے میگما کی کچھ مقدار دوسری جانب منتقل ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں زمین کی سطح نیچے دھنس گئی۔تاہم، 2022ء سے 2024ء کے دوران زمین کی سطح ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہو گئی، جس سے یہ اشارہ ملا کہ زیر زمین میگما کا ذخیرہ دوبارہ بھر رہا ہے۔حیرت انگیز طور پر، اس پورے چھ سالہ عرصے کے دوران سانتیاگو دہانے اور اس میں موجود لاوے کی جھیل کے آس پاس زمین کی سطح مسلسل نیچے دھنس رہی تھی۔ محققین کے مطابق، اس صورتِ حال کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ زمین کی سطح سے تقریباً 656 فٹ (200 میٹر) نیچے میگما کا ایک دوسرا، نسبتاً کم گہرائی میں واقع ذخیرہ بھی موجود ہے، جو سرگرم ہے۔ محترمہ جانسن نے مزید کہا کہ یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ آتش فشاں کے اندر میگما کی نقل و حرکت کا نظام پہلے کے اندازوں سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ اس تبدیلی کی ایک وجہ میگما کے دوسرے، نسبتاً کم گہرائی میں واقع ذخیرے میں اس کی مقدار کا کم ہونا بھی ہو سکتی ہے۔محققین مستقبل میں اس نوعیت کی مزید پیمائشوں کے ذریعے آتش فشاں کی سرگرمیوں کے بارے میں زیادہ جامع معلومات حاصل کرنے اور اس کے پھٹنے کی پیش گوئی کے نظام کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے شریک محقق ڈاکٹر ینگ چولکم کا کہنا ہے کہ مسلسل نگرانی کے ذریعے ہمیں آتش فشاں کی معمول کی سرگرمیوں کو سمجھنے اور ان میں ہونے والی تبدیلیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اگر کسی موقع پر لوگوں کو خبردار کرنے کی ضرورت پیش آئے تو مسلسل نگرانی کی بدولت ہم بروقت ایسا کر سکتے ہیں۔

’’عمودی ڈراپ‘‘

’’عمودی ڈراپ‘‘

ماؤنٹین بائیک رائیڈر کا حیران کن کارنامہسائیکلنگ محض ایک کھیل نہیں بلکہ حوصلے، مہارت، جسمانی طاقت اور خطرات کا سامنا کرنے کے غیر معمولی جذبے کا نام بھی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ماؤنٹین بائیک چلانے والے کھلاڑی دشوار گزار راستوں، گہری کھائیوں اور عمودی ڈھلوانوں پر اپنی صلاحیتوں کا امتحان لیتے ہیں۔ ایسے ہی ایک باہمت سائیکل سوار نے پیشہ ور کھلاڑی بننے کا خواب آنکھوں میں سجائے عمودی بلندی سے نیچے اترنے کا ریکارڈ توڑ کر دنیا کو حیران کر دیا۔ اس کی یہ کامیابی نہ صرف غیر معمولی مہارت اور جرأت کا مظہر ہے بلکہ اس حقیقت کی عکاس بھی ہے کہ بلند عزائم، مسلسل محنت اور خود اعتمادی انسان کو حیرت انگیز کارنامے انجام دینے کے قابل بنا سکتی ہے۔ماؤنٹین بائیک پر تقریباً چار میٹر کی بلندی سے نیچے اترنا ہی بیشتر لوگوں کو بریک لگانے پر مجبور کرنے کیلئے کافی ہے، لیکن آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ماریو نیوراٹر کیلئے یہ اپنی سائیکلنگ کی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا ایک موقع تھا۔ پیشہ ور ماؤنٹین بائیک کھلاڑی بننے کا خواب دیکھنے والے ماریو ہمیشہ سے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور پہلے سے زیادہ بلندی، فاصلے اور رفتار تک پہنچنے کیلئے کوشاں رہے ہیں۔ کم عمری ہی سے اپنے شعبے میں بہترین بننے کی کوششوں کے نتیجے میں انہوں نے سائیکل پر کسی مقررہ ہدف پر عمودی طور پر سب سے زیادہ بلندی سے گرنے (مردوں کی کیٹیگری) کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ماریو کو ماؤنٹین بائیک چلانے کا سات سالہ تجربہ ہے۔ 13 ستمبر 2025ء کو 20 سالہ ماریو نے 3.80 میٹر (12.46 فٹ) کی بلندی سے نیچے اتر کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔ یہ بلندی تقریباً ڈبل ڈیکر بس کے برابر ہے۔ ماریو نے بتایا کہ میں نے اس سے پہلے کبھی اس طرح کے باکس نما ہدف پر لینڈنگ نہیں کی تھی۔ تاہم، عمومی طور پر میں نے چھوٹی بلندیوں سے آغاز کیا اور برسوں کے دوران بتدریج زیادہ سے زیادہ بلندی سے نیچے اترنے کی مشق کرتا رہا۔اگرچہ اتنی بلندی سے نیچے اترنے کا حوصلہ کرنا اس ریکارڈ کی کوشش کا ایک اہم مرحلہ تھا، تاہم ماریو کیلئے یہ یقینی بنانا بھی ضروری تھا کہ وہ درست نشانے کے ساتھ لینڈنگ باکس پر اتریں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے خوف محسوس نہیں ہو رہا تھا، لیکن میں جانتا تھا کہ باکس پر درست انداز میں اترنا مشکل ہو گا۔ میں نے اس مقصد کیلئے خصوصی تربیت حاصل نہیں کی تھی، اس لیے مجھے معلوم نہیں تھا کہ کامیابی کیلئے کتنی کوششیں کرنا پڑیں گی۔ بالآخر، سب کچھ توقعات کے مطابق کافی اچھا رہا۔ماریو نے ریکارڈ قائم کرنے کی یہ کوشش آسٹریا میں منعقد ہونے والے ''بائیک ریپبلک سولڈن فیسٹیول‘‘ کے دوران کی، جسے ''سواچ نائنز‘‘ کے ساتھ یکجا کیا گیا تھا۔ اس میلے میں ماؤنٹین بائیکنگ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے سائیکل سواروں اور شائقین نے شرکت کی۔ ماریو نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ میرے خیال میں اس طرح کے کارنامے کیلئے یہ میلہ بہترین موقع تھا۔ یہاں سائیکلنگ سے وابستہ پوری کمیونٹی جمع ہوتی ہے، اس لیے ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کیلئے اس سے بہتر ماحول ممکن نہیں تھا۔ماریو نے سائیکل پر سب سے زیادہ عمودی بلندی سے نیچے اترنے اور 360 ڈگری گھومتے ہوئے سائیکل پر کسی مقررہ ہدف پر سب سے زیادہ عمودی بلندی سے اترنے کے ریکارڈ قائم کرنے کی کوششیں بھی کیں۔ اب وہ ان کوششوں کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں کہ آیا وہ ان میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔ اگر ان کوششوں کی کامیابی کی تصدیق ہو گئی تو ریکارڈ توڑنے والا یہ ہفتہ ان کیلئے مزید بڑی کامیابیوں کا باعث بن سکتا ہے۔

آج تم یاد بے حساب آئے!عابد کشمیری:ورسٹائل اداکار (2024-1950ء)

آج تم یاد بے حساب آئے!عابد کشمیری:ورسٹائل اداکار (2024-1950ء)

٭...4 مئی 1950ء کو اندرون لاہور میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم یہیں سے حاصل کی۔ ٭...عابد کشمیری اندرون لاہور کے کشمیری گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، جہاں پنجابی بولی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکالموں کی ادائیگی کے دوران ان کے لہجے سے بھی پنجابی ٹچ جھلکتا تھا۔٭...1970ء اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ ابتداء میں انہوں نے ڈراموں میں ایکسٹرا کے طور پر کام کیا۔٭... ان کا پہلا ٹی وی ڈرامہ ''رضیہ سلطانہ‘‘ تھا۔٭... سینکڑوں ٹی وی ڈراموں، تھیٹر اور فلموں میں کام کیا۔ وہ زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کرتے رہے۔٭...ان کے ڈائیلاگ ''خیر ہو آپ کی‘‘ اور ''کس کو کہہ رہے ہو‘‘ بہت مشہورہوئے۔ ٭... 1988ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''بازار حسن‘‘ پر بہترین مزاحیہ اداکار کے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا ۔٭...ان کی مشہور فلموں میں '''جیتے ہیں شان سے‘‘‘ اور 'آہٹ‘ بھی شامل ہیں۔٭...250فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ، دو فلمیں پروڈیوس بھی کیں جن میں ''محلے دار‘‘ اور ''عینک والا جن‘‘ شامل ہیں۔''محلے دار‘‘ میں انہوں نے ریما کے ساتھ بطور ہیرو کام کیا۔٭...مقبول ٹی وی ڈراموں میں ''لوہاری گیٹ،سورج کے ساتھ ساتھ‘، 'تیسرا کنارہ اوراپنے لوگ‘‘ نمایاں ہیں۔٭...ڈرامہ ''سمندر‘ میں عابد کشمیری کا کردار ''گلو بادشاہ‘‘ بہت مقبول ہوا ۔٭...2024ء میں ان کا انتقال ہوا، انہوں 74برس کی عمر پائی۔

آج کا دن

آج کا دن

پہلا انسانی خلائی مشن 11 اکتوبر 1968ء کو امریکی خلائی ادارے ''ناسا ‘‘نے اپالو7 کو خلائی سفر پر روانہ کیا۔ ''اپالو7‘‘ ناسا کی پہلی انسانی خلائی پرواز تھی۔ خلائی گاڑی میں تین خلاء بازوالی شیرا، ڈون فلٹن اور آروالٹر سوار تھے۔ اس خلائی گاڑی سے ناسا نے ایک تواتر سے ''والی، والٹ اینڈ ڈون شو‘‘کے نام سے لائیو براڈکاسٹ دی۔ اس نشریات کو اس قدر زیادہ دیکھا گیا کہ شو اُس سال کے ایمی ایوارڈ کا حقدار قرار پایاتھا۔ریگن اور گورباچوف کی ملاقات1986ء میں آج کے روز امریکی صدر رونالڈ ریگن اور سوویت رہنما میخائل گوربا چوف نے آئس لینڈ کے دارالحکومت ریکیاوک میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد یورپ میں موجود درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے ذخیرے میں کمی سے متعلق مذاکرات کو آگے بڑھانا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے جوہری ہتھیاروں میں کمی اور عالمی کشیدگی گھٹانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سرد جنگ کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا گیا۔پورٹو ریکو میں شدید زلزلہ1918ء میں پورٹو ریکو میں 7.1 شدت کا ایک شدید زلزلہ آیا، جسے سان فرمین زلزلہ کہا جاتا ہے۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں نے جزیرے کے مختلف علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا، جبکہ اس کے بعد آنے والی سونامی نے تباہی میں مزید اضافہ کیا،116 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس قدرتی آفت سے عمارتوں اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ یہ واقعہ پورٹو ریکو کی تاریخ کے تباہ کن زلزلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔برچارڈی کا سیلاب''برچارڈی سیلاب‘‘ ایک طوفانی لہر تھی جو 11 اکتوبر 1634 ء کی رات کو شمالی فریشیا اور جرمنی کے سمندری ساحل سے ٹکرائی۔ ساحلی پٹی پر رہنے والوں کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا ،8سے 15ہزار افراد ڈوب گئے جبکہ سیکڑوں عمارتوں کا نقصان پہنچا۔ سیلاب سے متاثرہ کئی علاقے طویل عرصے تک آباد نہیں ہو سکے اور ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔فضائی حادثہایرو فلوٹ فلائٹ 3352 کرانسودار سے نووسیبرسک جانے والی ایک ڈومیسٹک پرواز تھی۔ 11 اکتوبر 1984ء کو اومسک ہوائی اڈے پر لینڈنگ کرتے وقت ہوائی جہاز رن وے پر موجود دیکھ بھال کرنے والی گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔اس حادثے کی وجہ سے جہاز میں موجود 174 جبکہ زمین پر موجود4افراد ہلاک ہو گئے۔حادثہ ائیر ٹریفک کنٹرول کے اہلکار کے دوران ڈیوٹی سونے کے باعث پیش آیا۔میرمانی بم دھماکہ11اکتوبر2002ء کو میرمانی بم دھماکہ ایک شاپنگ مال میں ہوا۔بم کو کچرے کے ایک بیگ میں چھپایا گیا تھا اور بیگ کچرا اکٹھا کرنے والے ایک کنٹینر میں موجود تھا۔ 5افراد موقع پر ہلاک ہو گئے، دھماکے سے زمین میں 10سینٹی میٹر گہرا گڑھا بن گیا۔مجموعی طور پر سات افراد ہلاک ہوئے جن میں دو نوعمر اور ایک 7سالہ بچہ بھی شامل تھا۔اس دھماکے میں 159افراد زخمی ہوئے۔

بصارت :زندگی کو معنی عطا کرنے والی نعمت

بصارت :زندگی کو معنی عطا کرنے والی نعمت

عالمی یومِ بصارت (World Sight Day) ہر سال اکتوبر کی دوسری جمعرات کو منایا جاتا ہے۔ اس عالمی دن کا مقصد نابینا پن اور بصارت کی کمزوری جیسے مسائل کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔ اس کا آغاز 2000 ء میں لائنز کلب انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کیSight FirstCampaign کے تحت کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے یو این کے ویژن 2020 کا حصہ بنا دیا گیا اور اب اس کا انتظام انٹرنیشنل ایجنسی فار دی پریوینشن آف بلائنڈنس (IAPB) کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کیا جاتا ہے۔رواں برس یہ دن کل (8 اکتوبر) منایا جائے گا۔ اس سال عالمی مہم کا پیغام اس امر کے گرد گھومتا ہے کہ آنکھوں کی صحت ہر انسان کی ترجیح بنے اور دنیا میں ہر شخص کو ایسی نگہداشتِ چشم میسر ہو جو قابلِ رسائی، دستیاب اور قابلِ استطاعت ہو۔2.2 ارب انسان: ایک عدد نہیں، انسانی کہانیاں ہیںعالمی سطح پر کم از کم 2.2 ارب افراد کسی نہ کسی درجے کی بصری کمزوری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں جبکہ ان میں کم از کم ایک ارب ایسے افراد شامل ہیں جن کی بصری کمزوری کو روکا جا سکتا تھا یا جس کا مناسب علاج ابھی تک نہیں ہو سکا۔یہ اعداد بظاہر اعداد و شمار ہیں لیکن ان کے پیچھے کروڑوں انسانی داستانیں موجود ہیں۔ ان میں وہ بچہ بھی ہے جو کلاس روم میں بیٹھا بلیک بورڈ صاف نہیں دیکھ پاتا،وہ طالب علم بھی ہے جسے کتاب کے الفاظ دھندلے دکھائی دیتے ہیں،وہ مزدور ہے جس کی روزی روٹی اس کی آنکھوں کی صحت سے وابستہ ہے،وہ بزرگ بھی ہے جس کی دنیا موتیا یا کسی دوسری بیماری کے باعث آہستہ آہستہ دھندلا رہی ہے۔اور ذیابیطس کا وہ مریض ہے جسے شاید ابھی یہ احساس تک نہیں کہ اس کی بیماری اس کی بینائی کیلئے خاموش خطرہ بن سکتی ہے۔اس لیے بصارت کا مسئلہ صرف آنکھ کا مسئلہ نہیں یہ انسان کی پوری زندگی کا مسئلہ ہے۔خاموش بیماریاں اور ہماری بے خبریآنکھوں کی طب کا ایک نہایت اہم پہلو یہ ہے کہ بعض سنگین بیماریاں ابتدا میں کوئی واضح شواہد پیدا نہیں کرتیں۔مریض کو درد نہیں ہوتا، سرخی نہیں ہوتی، کبھی کبھی نظر بھی بظاہر ٹھیک محسوس ہوتی ہے، مگر بیماری اندر ہی اندر اپنا اثر مرتب کر رہی ہوتی ہے۔گلوکوما اس کی ایک اہم مثال ہے۔ اسی طرح ذیابیطس سے وابستہ آنکھوں کی پیچیدگیاں بھی بعض اوقات خاموشی سے پیش رفت کرتی رہتی ہیں۔یہاں ایک بنیادی طبی حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے کہ نظر کا ٹھیک محسوس ہونا، آنکھ کے مکمل طور پر صحت مند ہونے کی ضمانت نہیں۔ اسی لیے آنکھوں کا معائنہ صرف اس وقت نہیں ہونا چاہیے جب نظر کم ہو جائے۔ بعض اوقات بروقت معائنہ اس بیماری کو اس وقت پکڑ لیتا ہے جب مریض کو خود اس کی موجودگی کا ادراک بھی نہیں ہوتا۔بچوں کی آنکھیں قوم کے مستقبل کا آئینہآج کا بچہ کل کا معمار ہے لیکن اگر اس کے سامنے دنیا ہی دھندلی ہو تو اس کے خوابوں کی تعمیر کیسے  مکمل ہوگی؟بچوں کی بصارت کو معمولی مسئلہ سمجھنا سنگین غفلت ہو سکتی ہے۔اگر بچہ کتاب کو بہت قریب لا کر پڑھتا ہے، ٹی وی یا موبائل سکرین کے قریب بیٹھتا ہے، بار بار آنکھیں ملتا ہے، سر درد کی شکایت کرتا ہے، آنکھیں سکیڑ کر دور کی چیزیں دیکھتا ہے یا کلاس روم میں بورڈ دیکھنے میں دشواری محسوس کرتا ہے تو اسے محض عادت قرار دے کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ بروقت معائنہ بعض اوقات بچے کے تعلیمی سفر کا رخ بدل سکتا ہے۔ایک درست چشمہ صرف نظر نہیں سنوارتا، بعض اوقات بچے کا اعتماد بھی واپس لاتا ہے۔ یہاں والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بچوں کی بصارت کو تعلیمی صحت کا لازمی حصہ سمجھا جائے۔ڈیجیٹل عہد اور آنکھوں کا نیا امتحانہم ایک ایسے عہد میں داخل ہو چکے ہیں جہاں ہماری زندگی کا ایک بڑا حصہ سکرین کے اندر آباد ہے۔ موبائل فون، کمپیوٹر، ٹیبلٹ اور دیگر ڈیجیٹل آلات نے تعلیم، کاروبار اور رابطے کو آسان بنایا ہے، مگر ان کا غیر متوازن استعمال آنکھوں کی تھکن اور دیگر بصری شکایات کو بڑھا سکتا ہے۔مسئلہ ٹیکنالوجی نہیں، مسئلہ غیر متوازن طرزِ استعمال ہے۔ہمیں بچوں اور بڑوں دونوں میں سکرین کے استعمال کے دوران مناسب وقفوں، مناسب فاصلہ، مناسب روشنی اور مجموعی طور پر صحت مند بصری عادات کو فروغ دینا ہوگا۔آنکھ محض جسم کا ایک عضو نہیں یہ یادوں کا آئینہ ہے،یہ خوابوں کا دریچہ ہے،یہ علم تک رسائی کا وسیلہ ہے،یہ انسان کے چہرے پر لکھی ہوئی محبت پڑھنے کی صلاحیت ہے۔ایک بچے کیلئے آنکھ مستقبل کا راستہ ہے۔ایک نوجوان کیلئے امکانات کی دنیا ہے۔ایک بزرگ کیلئے ماضی کی محفوظ تصویریں ہیں۔اور ایک ڈاکٹر کیلئے آنکھ انسانی جسم کی پیچیدہ ساخت، لطیف توازن اور حیرت انگیز حیاتیاتی حکمت کی ایک زندہ مثال ہے۔اس لیے بصارت کی حفاظت صرف طب کا موضوع نہیں، یہ انسانی وقار کا سوال ہے۔ہمیں ایسی دنیا کی تعمیر کرنی ہے جہاں کوئی انسان محض اس لیے اپنی بینائی سے محروم نہ ہو کہ اسے بروقت تشخیص، مناسب چشمہ یا ضروری علاج میسر نہ آ سکا،کیونکہ آنکھیں سلامت ہوں تو منظر باقی رہتے ہیں،بصارت سلامت ہو تو خواب باقی رہتے ہیں،اور خواب باقی ہوں تو زندگی کا سفر روشن رہتا ہے۔

فولاد سے پائیدار سڑکیں

فولاد سے پائیدار سڑکیں

ماحول کے ساتھ انسانی جانیں بھی بچا سکتی ہیںدنیا بھر میں فولاد کی صنعت معاشی ترقی اور جدید تعمیرات کی بنیاد سمجھی جاتی ہے لیکن اس صنعت کے ساتھ ایک بڑا ماحولیاتی مسئلہ بھی جڑا ہوا ہے۔ فولاد بنانے کے عمل میں بڑی مقدار میں ایک ضمنی صنعتی مادہ پیدا ہوتا ہے جسےSteel slag (سٹیل سلیگ) کہا جاتا ہے۔ عام طور پر اسے صنعتی فضلے کے طور پر ذخیرہ یا محدود پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اب سائنسدانوں نے اسی بظاہر بے کار مادے کے لیے ایک ایسا استعمال دریافت کیا ہے جو مستقبل میں سڑکوں کی تعمیر کو زیادہ پائیدار بنانے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی اور کاربن اخراج میں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔ حالیہ تحقیق میں تجویز کیا گیا ہے کہ سٹیل سلیگ کو خصوصی قسم کے اسفالٹ کے ساتھ ملا کر سڑکیں تیار کی جا سکتی ہیں جو روایتی سڑکوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور دیرپا ہوں گی۔ اس طریقے کا مقصد صرف صنعتی فضلے کو دوبارہ استعمال کرنا نہیں بلکہ سڑکوں کی بار بار مرمت، ٹریفک کے اضافی دباؤ اور گاڑیوں کے ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو بھی کم کرنا ہے۔سٹیل سلیگ سڑکوں کیلئے ؟سٹیل سلیگ فولاد بنانے کے دوران پیدا ہونے والا مادہ ہے۔ اس میں مختلف معدنی اجزا اور دھاتی آکسائیڈز شامل ہوتے ہیں۔ اس کی ایک خاص خصوصیت اس کی مضبوطی ہے جس کی وجہ سے یہ سڑکوں میں استعمال ہونے والے روایتی مواد کا متبادل بن سکتا ہے۔ محققین نے اس صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے سٹیل سلیگ کو epoxy-modified asphalt binderکے ساتھ ملایا جس سےSteel Slag Epoxy Asphalt Mixture (SEAM) تیار ہوتا ہے۔ اس مرکب کا بنیادی فائدہ یہ ہے کہ اپاکسی سلیگ کے ذرات اور اسفالٹ کے درمیان مضبوط تعلق پیدا کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں سڑک زیادہ دیر تک اپنی ساخت برقرار رکھ سکتی ہے اور نمی، بھاری ٹریفک اور درجہ حرارت کی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے نقصان کے خلاف بہتر مزاحمت دکھا سکتی ہے۔کم مرمت، کم ایندھن ،کم آلودگیاس تحقیق کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ سائنسدانوں نے صرف سڑک بنانے کے دوران ہونے والے اخراج کا جائزہ نہیں لیا بلکہ سڑک کی پوری زندگی کو مدنظر رکھا۔ روایتی سڑک وقت کے ساتھ خراب ہوجاتی ہے جس کے نتیجے میں گڑھے، ٹوٹ پھوٹ اور دیگر نقصانات پیدا ہوتے ہیں۔SEAM کی زیادہ پائیداری اس مسئلے کو کم کر سکتی ہے۔ اربوں ٹن کاربن میں کمی کا امکانتحقیق میں چین کے شہروں میں سڑکوں کے ایک وسیع نیٹ ورک کو مثال کے طور پر استعمال کیا گیا۔ سائنسدانوں نے یہ جانچنے کے لیے مختلف منظرنامے بنائے کہ اگر موجودہ شہری اسفالٹ سڑکوں کے 25، 50، 75 یا 100 فیصد حصے کو SEAM سے تبدیل کیا جائے تو کیا نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔تحقیق کے مطابق 25 سے 100 فیصد تک تبدیلی کے مختلف منظرناموں میں 431 ملین سے 1.741 ارب ٹن گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کا تخمینہ لگایا گیا۔ اسی طرح 303 ملین سے 1.229 ارب کلوگرام PM2.5 کی کمی کا اندازہ سامنے آیا۔ PM2.5 انتہائی باریک فضائی ذرات ہیں جو انسانی صحت کے لیے خطرناک سمجھے جاتے ہیں ۔ معاشی اور ماحولیاتی صلاحیت عملی چیلنجزاس طریقے کا فائدہ صرف ماحول تک محدود نہیں، سڑکوں کی کم مرمت، طویل سروس لائف اور ٹریفک و ایندھن سے متعلق فوائد بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔ تاہم اس ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر استعمال کرنے میں کچھ رکاوٹیں بھی ہیں۔ SEAM روایتی اسفالٹ کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہے جبکہ اپاکسی موڈیفائیڈ اسفالٹ کی قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ مزید یہ کہ نئی SEAM سڑک کو مکمل مضبوطی حاصل کرنے کے لیے تقریباً سات دن تک حفاظت درکار ہوتی ہے جبکہ عام اسفالٹ سڑک نسبتاً جلد ٹریفک کے لیے کھولی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سٹیل سلیگ ہر علاقے میں یکساں مقدار میں دستیاب نہیں۔ تاہم تحقیق کے مطابق ان اضافی اخراجات کے باوجود مجموعی ماحولیاتی فائدہ مثبت ہو سکتا ہے۔سٹیل سلیگ کو سڑکوں میں استعمال کرنا صنعتی فضلے کو قیمتی وسائل میں تبدیل کرنے کا ایک مؤثر راستہ بن سکتا ہے۔