ایپل کے مہنگے ترین موبائل
اسپیشل فیچر
جدید ٹیکنالوجی، قیمتی دھات اور منفرد ڈیزائن
آئی فون ڈیو تقریباً59لاکھ روپے کا ،''پالمیٹ18کے‘‘ ہیروں سے مزین
ٹیکنالوجی کی دنیا میں جدید سمارٹ فونز جہاں نت نئے فیچرز اور منفرد ڈیزائن کے باعث صارفین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں، وہیں بعض کمپنیاں اور لگژری برانڈز ان آلات کو محض ضرورت کے بجائے شان و شوکت کی علامت بنانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ ایپل کے فولڈ ایبل ''آئی فون ڈیو‘‘ کے ''لیکوئیڈ میٹل‘‘ ورژن نے اپنی غیر معمولی قیمتوں کے باعث ٹیکنالوجی کی دنیا میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔ ایپل کے اس خصوصی فون کی قیمت تقریباً 59لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جو اسے عام اسمارٹ فونز سے کہیں آگے لے جاتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، قیمتی دھات اور منفرد ڈیزائن کے امتزاج سے تیار کیا گیا یہ ماڈل اس سوال کو بھی جنم دیتا ہے کہ صارفین جدید موبائل فون کیلئے آخر کتنی بڑی رقم خرچ کرنے کو تیار ہیں۔
ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون رواں ماہ کے آغاز میں دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ برطانیہ میں اس فولڈ ایبل ڈیوائس کی قیمت 1,999 سے 3,199 پاؤنڈ کے درمیان ہے، جو ایپل کے جدید ترین فلیگ شپ فونز ''آئی فون 18 پرو‘‘ اور ''آئی فون 18 پرو میکس‘‘ سے بھی زیادہ ہے، جن کی ابتدائی قیمت 1,199 پاؤنڈ ہے۔
آئی فون ڈیو کا یہ نرخ بھی اس کے ایک خصوصی ماڈل کے مقابلے میں معمولی دکھائی دیتا ہے۔ اسے لگژری کمپنی کیویار (Caviar) نے تیار کیا ہے۔''لیکوئیڈ میٹل‘‘ (Liquid Metal) کے نام سے متعارف کرایا گیا خصوصی فون مکمل طور پر اسٹرلنگ سلور (خالص چاندی کی مخصوص قسم) سے تیار کیا گیا ہے۔ کیویار کے مطابق ''اس کی سطح حرکت میں منجمد دھات کا تاثر دیتی ہے، جبکہ بدلتے ہوئے عکس فون کی ساخت میں گہرائی اور سیال پن کو مزید نمایاں کرتے ہیں‘‘۔ تاہم، اگر آپ یہ منفرد فون حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے خاصی بڑی رقم خرچ کرنا ہوگی۔ لیکوئیڈ میٹل آئی فون ڈیو کی قیمت 21,340 ڈالر (تقریباً 59لاکھ روپے) تک ہے، جو ایپل کے پیش کردہ آئی فون ڈیو سے تقریباً 10 گنا زیادہ ہے۔
کیویار کے مطابق، لیکوئیڈ میٹل ورژن ایپل آئی فون میں موجود تبدیلی کے تصور کو آگے بڑھاتا ہے اور اسمارٹ فون کو ایک ہموار دھاتی ساخت میں تبدیل کر دیتا ہے۔ اس کے مطابق، ''مجسمہ نما سیال لکیریں فون کی نئی ساخت کو نمایاں کرتی ہیں اور مسلسل حرکت کا احساس پیدا کرتی ہیں، گویا ڈیوائس کے ساتھ اس کی سطح بھی خود تبدیل ہو رہی ہو‘‘۔
جہاں تک اس میں استعمال ہونے والے مواد کا تعلق ہے، کمپنی نے آئینے جیسی چمک رکھنے والی اسٹرلنگ سلور کا انتخاب کیا ہے۔ کیویار نے مزید بتایا کہ اسٹرلنگ سلور کو مجسمہ نما ابھری ہوئی ساخت میں ڈھالا گیا ہے اور اسے آئینے جیسی چمک کے ساتھ پالش کیا گیا ہے۔ کیویار کے مطابق، اس خصوصی فون کے صرف 17 یونٹ تیار کیے گئے ہیں۔ 256 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 18,840 ڈالر جبکہ 512 جی بی ورژن کی قیمت 19,200 ڈالر ہے۔ اسی طرح 1 ٹی بی اسٹوریج والا ماڈل 19,910 ڈالر میں دستیاب ہے۔ دوسری جانب سب سے مہنگا 2 ٹی بی ورژن 21,340 ڈالر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
کیویار نے ایپل کے فلیگ شپ ڈیوائسز آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کو بھی لگژری انداز میں پیش کیا ہے۔ کمپنی نے ان دونوں فونز کے 76 خصوصی کسٹم ورژنز تیار کیے ہیں، جن کی قیمت 7,130 ڈالر سے شروع ہو کر 8890 ڈالر تک جاتی ہے۔
ان میں مہنگے ترین ماڈلز میں ''پالمیٹ 18کے‘‘ بھی شامل ہے، جسے آرٹ ڈیکو طرز کے ڈیزائن میں 18 قیراط سونے اور ہیروں سے تیار کیا گیا ہے۔ کیویار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''اس فون کا باڈی 18 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے اور اسے کھجور کے پتوں کے نقش سے سجایا گیا ہے، جو متحدہ عرب امارات کی مشہور کھجوروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔‘‘ کمپنی کے مطابق، 100 سے زائد ہیرے ہاتھ سے نصب کیے گئے ہیں، جو اس آرائشی ڈیزائن کو مزید خوبصورت بناتے ہیں، جبکہ قیمتی پتھروں سے مزین ایپل کا لوگو ڈیزائن کی سادگی اور متناسب ساخت کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کیویار نے ایپل کی مصنوعات کے غیر معمولی اور لگژری ورژن متعارف کرائے ہوں۔ رواں سال اپریل میں بھی کمپنی نے آئی فون 17 پرو میکس کا ایک خصوصی لگژری ورژن تیار کیا تھا، جس میں ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز کے مشہور سیاہ ٹرٹل نیک لباس کا ایک ٹکڑا شامل کیا گیا تھا۔